دوسرا ٹی ٹونٹی ،پاکستان نے مسلسل 11ویں سیریز اپنے نام کرلی

حفیظ کی شاندار اننگز، ہدف آخری اوور میں حاصل کیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 3 نومبر 2018 00:10

دوسرا ٹی ٹونٹی ،پاکستان نے مسلسل 11ویں سیریز اپنے نام کرلی
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2نومبر2018ء) تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستا ن نے نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے ہرا دیا ۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور گلین فلپس نے جارحانہ انداز میں کیا۔50کے مجموعی سکور پر گلین فلپس 5رنز بنا کر شاہین آفریدی کے بال پر وکٹ کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوئے ، جارح مزاج کولن منرو 44رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوئے ، کون ڈی گرینڈ ہوم4رنز بنا عماد وسیم کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ، پہلے میچ میں پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے روس ٹیلرمحض3رنز بنا کر آصف علی اور شاداب خان کی جابکدستی کا شکار ہوکر پوویلین لوٹ گئے ، ولیمسن اور کورے اینڈر سن نے پانچویں وکٹ کیلئے 42رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد کین ولیمسن37رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ،ٹم سائیفرٹ11رنز بنا کر شاہین آفریدی کی تیسری وکٹ بنے ،ٹم ساﺅتھی بغیر کوئی رن بنائے رن آﺅٹ ہوگئے ،کورے اینڈرسن کے 44ناٹ آﺅٹ رنز کی بدولت کیویز نے مقررہ اوورز میں7وکٹوں پر153رنز بنا ئے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کیلئے شاہین آفریدی نے 3جبکہ عماد اور حفیظ نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔ پاکستان کے لیے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کیلئے 40رنز جوڑے جس کے بعد فخر زمان 24رنز بنا کر ایڈم ملنے کی گیند پر کین ولیمسن کے شاندار کیچ کے نتیجے میں پوویلین لوٹے ،بابر اعظم اور آصف علی نے دوسری وکٹ کیلئے56رنز جوڑے جس کے بعد بابر اعظم40رنز بناکر ٹم سا ﺅتھی کا شکار بن گئے ،،ان کی اننگز 4 چوکوں سے مزین تھی،آصف علی 38رنز کی باری کھیلنے کے بعد کولن منرو کی فل ٹاس گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے ،انہوں نے دوران بیٹنگ 2 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔

شعیب ملک ایک چھکے کی مدد سے10رنز بنا کر ایڈم ملنے کی گیند پر پوویلین لوٹ گئے ، نیوزی لینڈ کےخلاف قومی سکواڈ سرفراز احمد(کپتان و وکٹ کیپر)، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، عماد وسیم، حسین طلعت، حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان اور وقاص مقصود پر مشتمل ہے۔پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی تھی۔

ابوظہبی میں منعقدہ پہلے مقابلے میں پاکستان ٹیم ایک بار پھر 150 سے کم ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوئی، یہ مسلسل چوتھا موقع تھا کہ بیٹسمینوں کی جانب سے 150 سے کم رنز بنائے جانے کے باوجود باﺅلرز نے فتح ٹیم کے نام کر دی۔مضبوط کیوی بیٹنگ لائن نے بہتر کھیل پیش کیا،ابتدا میں کولن منرو کی جارحانہ بیٹنگ اور پھر روس ٹیلر کی ثابت قدمی کے باوجود گرین شرٹس نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے فتوحات کا سلسلہ ٹوٹنے نہیں دیا، باﺅلرزبھی زبردست فارم میں ہیں،حسن علی نے ابوظہبی میں میچ کا پانسہ پلٹنے میں اہم کردار ادا کیا، سپنرز نے بھی اپنا کردار نبھایا اور خاص طور پر محمد حفیظ نے باﺅلنگ ایکشن کی اصلاح کے بعد پہلی بار میچ وننگ کارکردگی دکھائی،پاکستانی بیٹنگ کی پرفارمنس میں کینگروز کےخلاف سیریز میں عدم تسلسل نظر آیا تھا، کیویز کے خلاف پہلے میچ میں مڈل آرڈرقدرے سنبھل گئی۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جارہی ہے ۔
وقت اشاعت : 03/11/2018 - 00:10:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :