پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

یاسر شاہ اور حسن علی کی تباہ کن بائولنگ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 176 رنز کا ہدف، واٹلنگ اور نیکولز کی نصف سنچریاں، یاسر نے اہم موقع پر نیکولز، واٹلنگ اور گرینڈ ہوم کو آئوٹ کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا، یاسر اور حسن کی 5، 5 وکٹیں، پاکستان نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 37 رنز بنا لئے، گرین شرٹس کو کامیابی کیلئے مزید 139 رنز اور کیویز کو 10 وکٹیں درکار

اتوار 18 نومبر 2018 19:40

ابوظہبی ۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، یاسرشاہ اور حسن علی نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کر کے پاکستان کی ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے گرین شرٹس کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 176 رنز کا ہدف دیا، بی جے واٹلنگ اور ہنری نیکولز نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم دونوں بلے بازوں کے آئوٹ ہونے کے بعد یاسر اور حسن علی نے ایک بھی کھلاڑی کو زیادہ دیر تک وکٹ پر جمنے کا موقع نہ دیا، یاسر نے اہم موقع پر نیکولز، گرینڈہوم اور واٹلنگ کو آئوٹ کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا، واٹلنگ 59 اور نیکولز 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، یاسر اور حسن نے 5، 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، جواب میں پاکستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 37 رنز بنا لئے تھے، گرین شرٹس کو کامیابی کیلئے مزید 139 رنز اور کیویز کو 10 وکٹوں کی ضرورت ہے، امام الحق 25 اور محمد حفیظ 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 56 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان کین ولیمسن 27 اور جیت راول 26 رنز پر کھیل رہے تھے، 86 کے سکور پر یاسر شاہ نے ولیمسن کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 37 رنز بنائے، روز ٹیلر کو بھی حسن علی نے وکٹ پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور 19 رنز پر انہیں چلتا کیا، اسی اوور میں حسن علی نے جیت راول کو بھی آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، انہوں نے 46 رنز بنائے، 108 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد ہنری نیکولز اور بی جے واٹلنگ ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 112 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، 220 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے نیکولز کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 55 رنز بنائے، کولن ڈی گرینڈہوم 3 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 227 کے سکور پر کیویز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب واٹلنگ 59 رنز بنانے کے بعد یاسرشاہ کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد کوئی بھی کیوی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 249 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، اسطرح پاکستان کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 176 رنز کا ہدف دیا، آئش سودھی 18، نیل واگنر اور ٹرینٹ بولٹ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، اعجاز پٹیل 6 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ ہوئے، یاسر شاہ اور حسن علی نے 5، 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 37 رنز بنا لئے تھے، گرین شرٹس کو کامیابی کیلئے مزید 139 رنز اور کیویز کو 10 وکٹیں درکار ہیں، امام الحق 25 اور حفیظ 8 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔
وقت اشاعت : 18/11/2018 - 19:40:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :