پاکستان کی ٹیم عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ کل ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی، میگا ایونٹ دوسرا میچ جرمنی اور ہالینڈ کے درمیاں کھیلا جائیگا، گرین شرٹس کو ٹائٹل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہوگی

منگل 4 دسمبر 2018 12:54

پاکستان کی ٹیم عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ کل ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی، میگا ایونٹ دوسرا میچ جرمنی اور ہالینڈ کے درمیاں کھیلا جائیگا، گرین شرٹس کو ٹائٹل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہوگی
بھوبنشوار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) 14 ویں عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں کل بدھ کو پول ڈی کے دو میچ کھیلے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق چودہواں عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ بھارتی ریاست اڑسیہ کے دارالحکومت بھوبنشوار میں جاری ہے۔ میگا ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور شائقین ہاکی کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں (آج) بدھ کو پول ڈی کے دو میچ کھیلے جائینگے۔ اس سلسلے میں پہلا میچ پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔گرین شرٹس کو ابتدائی میچ میں جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ٹائٹل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے گرین شرٹس کو اس میچ میں لازمی فتح درکار ہو گی۔ شکست کی صورت میں اس کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات بھی ختم ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا اور آخری میچ 9 دسمبر کو ہالینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ جرمنی اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ میگا ایونٹ 19 روز تک جاری رہنے کے بعد 16 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی جن کو چار مختلف پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کیلئے کوشاں ہے اور اب تک کھیلے گئے میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر تین پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 12 دسمبر سے شروع ہوگا، کوارٹر فائنل مرحلے کے بعد چار ٹیمیں سیمی فائنل کوالیفائی کرینگی۔ عالمی کپ کے دونوں سیمی فائنلز 15 دسمبر کو کھیلے جائینگے۔ میگا ایونٹ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل اور تیسری پوزیشن کے لئے میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 04/12/2018 - 12:54:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :