سرفراز کی بجائے ناکام کھلاڑیوں کو فار غ کیا جائے :جاوید میانداد

ٹیسٹ کرکٹ میں ناکامی کا ملبہ سرفراز احمد پر ڈال دینا درست نہیں:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 دسمبر 2018 14:29

سرفراز کی بجائے ناکام کھلاڑیوں کو فار غ کیا جائے :جاوید میانداد
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18دسمبر2018ء) سابق قومی کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کو سرفرازاحمد کو قیادت سے فارغ کرنے کی بجائے ایسے کھلاڑیوں سے نجات حاصل کرنے پر غور کرنا چاہیئے جو کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو کے دوران جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ کیویز کے خلاف حالیہ ہوم ٹیسٹ سیریز میں شکست کا ملبہ سرفراز احمد پر ڈالنا سراسر زیادتی ہے اور وہ کپتان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ انہیں خود پر کسی بھی قسم کا دباﺅ نہیں لینا چاہئے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اس وقت قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت کیلئے سب سے بہترین اورموزوں آپشن ہیں کیوں کہ انہیں وکٹ کیپنگ کے ساتھ اپنی بیٹنگ پر بھی دسترس حاصل ہے اور ہمیں ان کی بجائے ایسے پلیئرز پر تنقید کرنی چاہئے جو کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں ،ٹیم کمبی نیشن کے لیے بھی یہی بہتر ہوگا کہ ایسے کھلاڑیوں کو باہر کردیا جائے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ میں انہیں قومی کرکٹ ٹیم سے کسی خاص کارکردگی کی امید نہیں کیونکہ یہ امکان اسی وقت پیدا ہو سکتا ہے جب بیٹنگ لائن پرفارم کرے اور جنوبی افریقہ کی خطرناک کنڈیشنز میں ایسا ہونا آسان نہیں ہوگا۔ جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ قومی بیٹسمینوں میں دیگر مضبوط ٹیموں کی طرح یہ صلاحیت نہیں کہ وہ جلد جنوبی افریقہ جیسی مشکل کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہو جائیں جس کی مثال یو اے ای میں کیویز کے خلاف سامنے آچکی ہے جہاں دو مرتبہ پاکستانی بیٹنگ لائن اپ میچ کے پانچویں دن اچانک ڈھے گئی اور یقینی کامیابی کو موقع گنوا بیٹھی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اداروں کا کردار بڑے کرکٹرز پیدا کرنے میں اہم رہا ہے کیونکہ وہی انہیں نوکریاں، مراعات اور بہترین کرکٹ فراہم کر سکتے ہیں۔

وقت اشاعت : 18/12/2018 - 14:29:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :