تیسرا ٹیسٹ، بھارتی ٹیم فتح سے دو قدم دور

بھارت کا کینگروز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 399 رنز کا ہدف، پیٹ کمنز کی 6 وکٹیں، میزبان ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار، 8 وکٹوں پر 258 رنز بنا لئے، آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے مزید 141 رنز اور بھارت کو 2 وکٹوں کی ضرورت، کمنز 61 رنز بنا کر ناقابل شکست

ہفتہ 29 دسمبر 2018 16:48

تیسرا ٹیسٹ، بھارتی ٹیم فتح سے دو قدم دور
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2018ء) بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، مہمان ٹیم نے 106 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے آسٹریلیا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر399 رنز کا ہدف دیا، پیٹ کمنز نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 258 رنز بنا لئے تھے، میزبان ٹیم کو فتح کیلئے مزید 141 رنز اور مہمان ٹیم کو 2 وکٹیں درکار ہیں، پیٹ کمنز بھارتی سورمائوں کے سامنے ڈٹ گئے اور 61 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

ہفتہ کو میلبورن ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے 54 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو بھارتی قائد نے 106 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر کے میزبان ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 399 رنز کا ہدف دیا، میانک اگروال 42، ریشبھ پانٹ 33 اور روندرا جدیجا 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، پیٹ کمنز نے 6 اور جوش ہیزلووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں آسٹریلوی ٹیم کی پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور اس نے 8 وکٹوں پر 258 رنز بنا لئے تھے، میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے مزید 141 رنز اور مہمان ٹیم کو 2 وکٹوں کی ضرورت ہے، پیٹ کمنز کے سوا کینگروز کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکا، وہ 61 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ نیتھن لیون 6 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں، ہیرس 13، ایرون فنچ 3، عثمان خواجہ 33، شان مارش 44، ٹریوس ہیڈ 34، مچل مارش 10، کپتان ٹم پین 26 اور مچل سٹارک 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جدیجا نے 3، بمرا اور محمد شامی نے دو، دو اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 29/12/2018 - 16:48:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :