ملک میں ہاکی کا بنیادی ڈھانچہ نہ ہونے کے برابر ہے منظورالحسن سینئر

منگل 8 جنوری 2019 17:26

ملک میں ہاکی کا بنیادی ڈھانچہ نہ ہونے کے برابر ہے منظورالحسن سینئر
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2019ء) اولمپیئن منظور الحسن سینئر نے کہا ہے کہ ملک میں ہاکی کا بنیادی ڈھانچہ نہ ہونے کے برابر ہے اگر ڈومیسٹک کی سطح پر ہاکی پر توجہ دی جائے تو انٹرنیشنل سطح پر دو سال میں ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہاکی کی مثال اس طرح ہے کہ جس طرح ایک خستہ حال مکان ہے اور مکان کی دیواروں کی بنیادیں کمزور ہونگی تو وہ مکان کیسے کھڑا ہو سکتا ہے اسی طرح ہاکی کی بنیادیں جب تک کمزور ہونگی تو ملک میں ہاکی ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ اب ہمیں ہاکی میں کھویا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے دن رات محنت کرنی ہوگی، دو سال کیلئے انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لینے کی بجائے ڈومیسٹک ہاکی پر توجہ دینی ہوگی تاکہ آنے والے دنوں میں شائقین ہاکی اسی شوق و ذوق سے دیکھیں جس طرح 70 کی دہائی میں دیکھ رہے تھے۔

(جاری ہے)

منظور الحسن نے کہا کہ ضلعی سطح پر ہاکی کے فروغ کیلئے متوازی ایسوسی ایشنوں کو ختم کرناہوگا جو کہ اس وقت کھلاڑی مختلف دھڑے بندیوں کی نذر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہمارے دور میں اتنی سہولیات موجود نہیں تھیں جتنی اب ہیں لیکن ہم جذبے کے ساتھ میدان میں اترتے تھے اور پاکستان تین بار اولمپک میں اور چار بار عالمی چیمپئن ہونے کے ساتھ ساتھ کئی بار ایشین گیمز اور چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کرنے اعزازات حاصل کرچکا ہے۔
وقت اشاعت : 08/01/2019 - 17:26:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :