جنوبی افریقہ کا پاکستان کے خلاف سیریز پہلے دو ون ڈے میچوں کیلئے ڈیل اسٹین اور کوئنٹن ڈی کوک کو آرام کرانے کا فیصلہ

سیریز کے آخری تین ون ڈے میچوں کے لیے جنوبی افریقی اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ،رپورٹ

جمعرات 17 جنوری 2019 12:19

جنوبی افریقہ کا پاکستان کے خلاف سیریز پہلے دو ون ڈے میچوں کیلئے ڈیل اسٹین اور کوئنٹن ڈی کوک کو آرام کرانے کا فیصلہ
جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے دو ون ڈے میچوں کیلئے ڈیل اسٹین اور کوئنٹن ڈی کوک کو آرام کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔جنوبی افریقہ نے ابتدائی طور پر 14رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا تاہم ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر اس میں چند تبدیلیاں کرتے ہوئے سیریز کے ابتدائی دو میچوں کے لیے فاسٹ باؤلر اسٹین اور وکٹ کیپر بلے باز ڈی کوک کو آرام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پہلے دو میچوں کے لیے اسکواڈ میں اوپنر ایڈن مرکرم کی واپسی ہوئی ہے جنہیں ون ڈے کیریئر میں مشکلات کا سامنا ہے اور 16میچوں میں 24.53 کی اوسط سے اسکور کر سکے ہیں تاہم ٹیم میں سب سے اہم شمولیت ڈوان اولیویئر کی ہے جنہوں نے ٹیسٹ سیریز میں عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 24وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی کلین سوئپ فتح میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی پر اولیویئر کو پہلی مرتبہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور ون ڈے میں اچھی کارکردگی ان کی ورلڈ اسکواڈ میں شمولیت کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان فاف ڈیو پلیسی، ہاشم آملا، ریز ہینڈرکس، عمران طاہر، ہنری کلاسن، ایڈن مرکرم، ڈیوڈ ملر، ڈوان اولیویئر، ڈین پیٹرسن، اندیل فلکوایو، ڈیوین پریٹوریس، کگیسو ربادا، تبریز شمسی، ریسے وین دوسن شامل ہیں۔سیریز کے آخری تین ون ڈے میچوں کے لیے جنوبی افریقی اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔پاکستان اور جنوب یافریقہ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 17/01/2019 - 12:19:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :