حسن علی اور سرفراز احمد نے نئی تاریخ رقم کردی

دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کیلئے نویں وکٹ پر سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جنوری 2019 20:32

حسن علی اور سرفراز احمد نے نئی تاریخ رقم کردی
ڈربن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جنوری2019ء) جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں کپتان سرفراز احمد اور حسن علی نے عمدہ شراکت قائم کر کے پاکستان کے لیے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

(جاری ہے)

ڈربن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو 112 رنز پر پاکستان کی8 وکٹیں گر چکی تھیں اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستانی ٹیم 150رنز بھی نہیں بنا سکے گی،اس موقع پر کپتان سرفراز اور حسن نے عمدہ بیٹنگ کر کے جنوبی افریقی ٹیم کے ارمانوں کو خاک میں ملا کر پاکستان کو معقول مجموعے تک رسائی دلا دی،دونوں کھلاڑیوں نے 90رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی جانب سے نویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا،اس سے قبل پاکستان کی جانب سے نویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ شعیب ملک اور محمد سمیع کے پاس تھا جنہوں نے 2007 ءمیں سنچورین کے مقام پر جنوبی افریقہ کے خلاف ہی یہ ریکارڈ بنایا تھا،یہ اس وکٹ کے لیے پاکستان کی جانب سے ریکارڈ ہونے کے ساتھ ساتھ ڈربن میں بھی نویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ ہے،ون ڈے کرکٹ میں نویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز اور لاستھ ملنگا کے پاس ہے جنہوں نے 2010 ءمیں 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے میزبان آسٹریلیا سے یقینی فتح چھین لی تھی۔


وقت اشاعت : 22/01/2019 - 20:32:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :