ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا ترین میچ، پوری ٹیم صرف 9 رنز پر آﺅٹ ہو گئی

میزورام کی9 بلے باز کوئی سکور بنائے بغیر آﺅٹ ہوئیں، پوروا بھردواج 6 رنز بنانے میں کامیاب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 فروری 2019 14:09

ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا ترین میچ، پوری ٹیم صرف 9 رنز پر آﺅٹ ہو گئی
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23فروری 2019ء) ٹی ٹونٹی کرکٹ میں چوکوں اور چھکوں کی برسات ہوتی ہے جس کے باعث اسے سب سے دھواں دار فارمیٹ بھی کہا جاتا ہے مگر بھارت میں ہونے والے ایک ٹی ٹونٹی میچ میں پوری ٹیم صرف 9 رنز بنا کرآﺅٹ ہو گئی جب کہ مخالف ٹیم نے مقررہ ہدف صرف ایک اوور میں حاصل کر لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ میچ میزورام اور مدھیا پردیش کی ویمن کرکٹ ٹیم کے درمیان پلمیرا کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا گیا جہاں میزورام کی ٹیم 13.5 اوورز میں صرف 9 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، 9 بلے باز کوئی سکور بنائے بغیر ہی آﺅٹ ہوئے جب کہ صرف ایک بلے باز اپوروا بھردواج 6 رنز بنانے میں کامیاب ہوئیں اور باقی تین رنز ’ایکسٹرا‘ کی مد میں ملے،اپوروا بھردواج نے 25 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز بنائے مگر دوسرے اینڈ سے پے درپے وکٹیں گرتی رہیں اور وہ بے بسی کے عالم میں اپنی ٹیم کی جگ ہنسائی دیکھنے پر مجبور ہو گئیں۔

(جاری ہے)

مدھیا پردیش کی ٹیم کے 7 باﺅلرز نے گیند بازی کا مظاہرہ کیا جن میں سے صرف ایک باﺅلر ہی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی جبکہ ٹیم کی سٹرائیک باﺅلر ترنگ جھا 4 اوورز میں محض 2 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔میزورام کی ٹیم ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں بھی کچھ اسی طرح کے حالات سے دوچار رہی جو کیرالہ کی ٹیم کیساتھ کھیلا گیا تھا۔ کیرالہ ٹیم کے باﺅلرز نے بھی میزورام کی پوری ٹیم کو صرف 24 رنز پر پویلین بھیج دیا تھا اور 10 وکٹ کیساتھ باآسانی میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔اس سے قبل رواں سال13جنوری کو چینی کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف محض14رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی تھی جو ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ کا کم ترین سکور تھا ۔
وقت اشاعت : 23/02/2019 - 14:09:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :