آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں سرفراز سمیت اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ

عمر اکمل ،وہاب ریاض کوموقع ملنے کا امکان،کپتانی شاداب خان کو مل سکتی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 25 فروری 2019 15:09

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں سرفراز سمیت اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25فروری 2019ء) ستمبر سے قومی کرکٹ ٹیم کے مصروف اور نان سٹاپ سیزن کو دیکھتے ہوئے پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں کپتان سرفراز احمد سمیت اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے جس کے باعث وہ انگلینڈ کےخلاف 5 ون ڈے میچزاور ورلڈ کپ میں کھلاڑی ترو تازہ ہوکر شرکت کرسکیں، ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کو 2ون ڈے میچز میں آرام دینے پر غور دیا جارہا ہے اور ایسا ہونے کی صورت میں قومی ٹیم کے قیادت نوجوان لیگ سپنر شاداب خا ن کو دی جاسکتی ہے جبکہ وکٹ کیپنگ کے فرائض محمد رضوان سر انجام دیں گے ۔

ٹیم مینجمنٹ شاداب خان کی موجودگی میں یاسر شاہ کو بھی دو میچز کھلانے پر غور کررہی ہے تاکہ اس فارمیٹ کے لیے ان کی فارم کو چیک کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

شاداب خان نے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کی ہے اور سلیکٹر انہیں قومی ٹیم کی کپتانی دیکر مستقبل کیلئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو پرکھناچاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹیم انتظامیہ 6 سے 7 لڑکوں کو آزمانا چاہتی ہے جبکہ عمر اکمل، عابد علی اور وہاب ریاض کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے، فاسٹ باﺅلر حارث رﺅف کو فوری طور پر انٹر نیشنل کرکٹ کھلانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے ۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ستمبر سے مسلسل کرکٹ کھیلنے کے باعث لڑکے تھک گئے ہیں ،کپتان سرفراز احمد مسلسل تینوں فارمیٹس کھیل رہے ہیں اس لیے ہم کچھ کھلاڑیوں کوآرام کا موقع دینا چاہتے ہیں ۔قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر بھی دبئی میں پریس کانفرنس میں اعتراف کرچکے ہیں کہ پاکستانی کرکٹرز 4 ماہ سے مسلسل کھیل کر تھکاوٹ کا شکار ہیں اور ہمیں علم ہے کہ بابر اعظم، شاداب خان، فہیم اشرف اور حسن علی کا ورلڈکپ تک فٹ رہنا ضروری ہے، مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ تینوں فارمیٹس کھیلنے والے کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کی سیریز میں باری باری آرام دیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 25/02/2019 - 15:09:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :