پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور ڈائیلاگ کے ذریعے ہی پاک بھارت تعلقاقت کو فروغ دیا جاسکتا ہے ،چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کی پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال سے ملاقات میں بات چیت

پیر 3 دسمبر 2012 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3دسمبر۔ 2012ء) چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور ڈائیلاگ کے ذریعے ہی پاک بھارت تعلقاقت کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔وہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال سے پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے ۔چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کی قیادت میں 7 رکنی پارلیمانی وفد (کل) 5 دسمبر کو بھارت کے دورہ پر جائے گا ۔

بھارتی ہائی کمشنر نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کے دوران دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی سربراہی مین پارلیمانی وفد کا دورہ بھارت ہمارے لئے اعزاز ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین تمام تنازعات باہمی ملاقاتوں اور مذاکرات کے ذریعے ہی طے ہوسکتے ہیں ،پارلیمنٹرین عوام کے نمائندے ہوتے ہیں ان کے درمیان ملاقاتیں اور مذاکرات درحقیقت عوام کا عوام سے رابطہ ہے ۔

(جاری ہے)

کبڈی ،کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں سے بھی باہمی روابط کو فروغ حاصل ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری دور میں دونوں ملکوں کے تعلقات مین قابل قدر پیش رفت ہوئی ہے ،دنیا کے دیگر ملکوں مین بھی باہمی مذاکرات کے ذریعے ہی معاملات طے ہوتے ہیں ،تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ۔سیکھ یاتری ہر سال پاکستان آتے ہیں پاکستان ممکنہ سہولیات بہم پہنچاتا ہے ،عبادت گاہوں کا احترام مذہبی رواداری میں آتا ہے ،اسلام آباد میں سید پور ویلج میں مسجد مندر اور گوردوارہ تینوں کو اصل حالت میں رکھا گیا ہے ۔

چیئرمین سینیٹ نے تجویز دی کہ بھارت کا وزٹ کرنے والوں کی پولیس رپوٹنگ کچھ مناسب دکھائی نہیں دیتی بہتر ہوگا کہ اس مقصد کیلئے سٹیشن اور ہوائی اڈے پر ڈیسک بنائے جائیں ۔بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ اس تجویز سے اپنی حکومت کو آگاہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت ویزوں کے اجراء میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ائیرلائنز کو بھی چاہیے کہ وہ لاہور کے علاوہ اسلام آباد سے بھی پروازیں شروع کرنے کا جائزہ لیں
وقت اشاعت : 03/12/2012 - 20:28:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :