پاکستانی فینز کی حرکتیں دیکھ کر شرم آتی ہے،وسیم اکرم

کیا یہ طریقہ ہوتا ہے پاکستان کے کپتان سے بات کرنے کا وسیم اکرم کا ویڈیو پر ناراضگی کا اظہار

ہفتہ 22 جون 2019 23:18

پاکستانی فینز کی حرکتیں دیکھ کر شرم آتی ہے،وسیم اکرم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم انگلینڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آنے والے ہراسانی اور بدتمیزی کے واقعات پر پاکستانی فینز کے رویے پر پھٹ پڑے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ یہ جو فینز پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ غلط زبان استعمال کر رہے ہیں، ان کو گھر سے تمیز سیکھنے کو نہیں ملی کیوںکہ پاکستان کا کلچر تو بڑوں کی عزت کرنا اور چھوٹوں سے پیار کرنا سکھاتا ہے۔

قومی کرکٹرز کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور ان کو ہراساں کرنے والے فینز کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا ہے کہ بطور پاکستانی، پاکستانی فینز کی حرکتیں دیکھ کر شرم آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ سرفراز کی جگہ ہوتے تو ویڈیو بنانے والے فین کو پکڑ کر اس کا موبائل توڑ دیتے اور پھر اس کے گھر والوں کو بلا کر پوچھتے کہ کیا یہ سکھایا ہے اس کو۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم نے ویڈیو پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فینز سے سوال کیا کہ کیا یہ طریقہ ہوتا ہے پاکستان کے کپتان سے بات کرنے کا پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ان کا مشورہ یہی ہے کہ ٹیم بس اس میچ پر فوکس کرے کیوںکہ جو بھی حالات بن رہے ہیں وہ اس وقت ہی کام آئیں گے جب پاکستان جنوبی افریقا سے میچ جیتے گا۔

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ان کا مشورہ یہی ہے کہ کھلاڑی بہادری کا مظاہرہ کریں، ٹیم بڑے فیصلے کرے کیوںکہ اب کھونے کو کچھ نہیں، پہلے بیٹنگ سے نہ گھبرائیں اور جارح کرکٹ کا مظاہرہ کریں۔وسیم اکر م نے کہا کہ باہر بیٹھ کر پاکستان ٹیم کو کامبی نیشن تجویز کرنا آسان نہیں کیوںکہ انہیں مععلوم کہ کوچ اور کپتان کے ذہن میں کیا چل رہا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ حسن علی اور شعیب ملک فارم میں نہیں لیکن انہیں ڈراپ کرنا بھی آسان نہیں ہے، اب جو 15 پلیئرز ہیں ان سے ہی 11 منتخب کرنا ہوں گے۔

سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ جنوبی افریقا اتنی بری ٹیم نہیں جتنا بٴْرا اس نے ورلڈ کپ کھیلا اور وہ پاکستان کو ٹف ٹائم دے سکتی ہے، وہ پاکستان کے خلاف میچ میں زخمی شیروں کی طرح میدان میں اترے گی، اس لئے پاکستان کیلئے میچ آسان نہیں ہو گا۔وسیم اکرم نے ایک سوال پر کہا کہ سری لنکا کی انگلینڈ کے خلاف جیت نے ٹورنامنٹ میں جان ڈال دی ہے اور اب ٹورنامنٹ اوپن ہو گیا ہے اور میچز مزے کے ہوں گے۔وسیم اکرم نے لستھ ملنگا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ملنگا نے بولنگ کی اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹیم میں سینئر پلیئر کا کردار ہونا چاہیے۔
وقت اشاعت : 22/06/2019 - 23:18:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :