امریکا چوتھی مرتبہ ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ چیمپئن بن گیا،

فائنل میں ہالینڈ کو شکست، میگن اینا راپینوئی اور کاتھلین لاویلی نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا

پیر 8 جولائی 2019 12:34

امریکا چوتھی مرتبہ ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ چیمپئن بن گیا،
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2019ء) امریکا کی ویمن فٹ بال ٹیم کا کامیاب دفاع، چوتھی مرتبہ فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا۔ امریکا نے آٹھویں فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہالینڈ کو شکست دیکر چوتھی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ میگن اینا راپینوئی اور کاتھلین لاویلی نے ایک ایک گول سکور کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ویمنز فٹ بال کے میگا ایونٹ کے فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن امریکا کا مقابلہ ہالینڈ کی ٹیم سے تھا جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا تاہم عالمی اور دفاعی چیمپئن امریکا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میچ کا پہلا ہاف دونوں ٹیموں کے درمیان دفاعی کھیل میں گزر گیا اور کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف میں امریکی ٹیم حریف ہالینڈ کی ٹیم پر حاوی ہوگئی اور امریکی کی میگن اینا راپینوئی نے میچ کے 61 ویں منٹ میں ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو ہالینڈ پر 1-0 کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد امریکی ٹیم ہالینڈ کی ٹیم کے گول پوسٹ پر یکے بعد دیگرے حملے کرنے لگی۔ کاتھلین لاویلی نے میچ کے 69 ویں منٹ میں ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کرتے ہوئے 2-0 کردیا جو کھیل کے آخری تک برقرار رہا۔

ہالینڈ کی ٹیم نے بعد میں گول کرنے کے بھرپور کوشش کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکی۔ یوں امریکا نے فائنل میچ میں ہالینڈ کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 2-0 سے شکست دیکر نہ صرف اپنے ٹائٹل کا بھرپور دفاع کیا بلکہ چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا چیمپئن بھی بن گیا۔ میگن اینا راپینوئی اور کاتھلین لاویلی نے ایک ایک گول سکور کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
وقت اشاعت : 08/07/2019 - 12:34:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :