انضمام الحق نے بیٹی کے علاج کیلئے پیسوں کا بندوبست کیا تھا:آصف علی کا انکشاف

چیف سلیکٹر کو بیٹی کی بیماری کا علم ہوا تو پی سی بی سے بات کرکے مالی مدد کا انتظام کروایا: مڈل آرڈر بلے باز

جمعرات 18 جولائی 2019 21:04

انضمام الحق نے بیٹی کے علاج کیلئے پیسوں کا بندوبست کیا تھا:آصف علی کا انکشاف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2019ء) قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے انکشاف کیا ہے کہ چیف سلیکٹرانضمام الحق نے ان کی بیٹی کے کینسر کے علاج کے لیے پیسوں کا بندوبست کیا تھا ۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں آصف علی کا کہنا تھا کہ جب انضمام بھائی کو میری بیٹی کے سٹیج 4 کینسر میں مبتلا ہونے کے بارے میں علم ہو ا تو وہ فور ی طور پر پی سی بی گئے اور وہاں بات کرکے پیسوں کا انتظام کروایا،وہ عظیم کھلاڑی ہیں جن کے بارے میں الفا ظ نہیں ہیں اورمیدان کے اندر اور باہر حقیقی رول ماڈل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سلیکشن کمیٹی سے الگ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اس ذمہ داری سے سبکدوش ہونا چاہتا ہوں۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ پاکستان ٹی 20 میں گزشتہ ایک سال سے نمبر ون ہے اور 2016 سے ابتک 15 نوجوان کھلاڑی تینوں فارمیٹ میں کھیل رہے ہیں اور یہ کھلاڑی کئی سالوں تک پاکستان کی نمائندگی کریں گے جب کہ خواہش ہے کہ پی سی بی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے نئے چیف سلیکٹر کا اعلان کرے۔
وقت اشاعت : 18/07/2019 - 21:04:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :