کوچنگ معاہدہ ختم ہوتے ہی اظہر محمود کو قومی ٹیم کی ناقص فٹنس نظر آگئی

آفرز کیلئے فون بجتا رہتا ہے،فی الحال تھوڑا وقفہ چاہتا ہوں:سابق باﺅلنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 10 اگست 2019 14:02

کوچنگ معاہدہ ختم ہوتے ہی اظہر محمود کو قومی ٹیم کی ناقص فٹنس نظر آگئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2019ء) سابق باﺅلنگ کوچ اظہر محمود نے ٹیم کی ناکامیوں کا ملبہ فٹنس پر ڈال دیا۔قومی کرکٹ کے حال ہی میں فارغ کیے جانے والے بولنگ کوچ اظہر محمود نے ایک غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں کہاکہ کئی کرکٹ ماہرین کا خیال ہے کہ کوچنگ سٹاف مثبت نتائج نہیں دے سکا،دراصل پاکستان ٹیم کا مسئلہ فٹنس کلچر کا نہ ہونا ہے،کپتان کا مستقل تقرر نہ کرنا بھی ایک مسئلہ رہا،میرے پورے دور میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بیٹنگ، باﺅلنگ اور فیلڈنگ میں بہتری آئی،کوچز کو وقت دینا چاہیے،راتوں رات نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے،مکی آرتھر نے بطور ہیڈ کوچ بہتر کام کیا۔ وہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی بھی کوچنگ کر چکے اور بڑا تجربہ رکھتے ہیں،وہ دل سے کام کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا 100فیصد استعمال کرتے تھے ،میں خود بھی ان کے ساتھ کام سے لطف اندوز ہوا اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، وہ پاکستان کرکٹ کیلئے بہترین انتخاب تھے۔

(جاری ہے)

اظہر محمود نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کے ساتھ دنیا بھر میں لیگز کھیلی ہیں،میں پاکستان کیلئے کام کررہا تھا، تب بھی دیگر ٹیموں کی جانب سے پیشکش ہوتی رہی،اب بھی فون بجتا رہتا ہے،فی الحال تھوڑا وقفہ چاہتا ہوں، بعد میں ہونے والی آفرز پر غور کروں گا۔
وقت اشاعت : 10/08/2019 - 14:02:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :