جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول دنگل وسیم گاڈی پہلوان نے جیت لیا

دنگل میں 30 پہلوانوںنے حصہ لیا،میاں سعید اور میاں جاوید علی نے انعامات تقسیم کیے

ہفتہ 17 اگست 2019 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول دنگل وسیم گاڈی پہلوان نے جیت لیا۔انہوںنے بلوچ پہلوان کو سخت مقابلے کے بعد چت کیا ،دونوں پہلوانوں کے درمیان کشتی 15 منٹ تک جاری رہی ، اس دوران دونوں پہلوانوں نے ایک دوسرے پر خوب دائو پیچ آزمائے تاہم وسیم گاڈی پہلوان پٹھابھولا سجن پہلوان شیر لاہور نے اپنے حریف بلوچ پہلوان کو ایک دائو کے نتیجے میں چت کرکے جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول دنگل جیت لیا۔

اصغرپہلوان اور شہزاد پہلوان نے منصف کشتی کے فرائض انجام دیئے۔ شیر علی عرف ڈانو پہلوان دیگر پہلوانوں پر اپنی دھاک بیٹھا کر گرز جیتنے میں سرخرو ہوئے۔تفصیلات کے مطابق مشعل یوتھ سوسائٹی کے زیر اہتمام جاری جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول میں دیسی کشتی کے ایونٹ میں لاہور ،شیخوپورہ، فیصل آباد ،سرگودھا،سیالکوٹ ،گوجرانوالہ،قصور،ساہیوال ،ملتان،ڈیرہ غازی خان اوربہاولپور سے تعلق رکھنے والے پہلوانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ٹائون شپ گرائونڈ میں تیار کیiے جانے والے خصوصی اکھاڑے میں منعقد ہونے والے دیسی کشتی کے مقابلوں میں 30 پہلوانوںنے حصہ لیا۔ جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سلیم شاکر نے مہمان خصوصی معروف سیاسی وسماجی رہنمامیاں سعید ڈیرے والے اور انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل فیڈریشن پنجاب کے صدرمیاں جاوید علی کا پہلوانوں سے تعارف کرایا۔

اس موقع پر مشعل یوتھ سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل کاشف سجن بھی موجود تھے۔ مختلف پہلوانوں کے درمیان لڑی جانے والی کشتیوں میں علی پہلوان نے ڈوگر پہلوان کو شکست دی۔گل شیر پہلوان نے نکے پہلوان کو چت کیا۔ہوگن پہلوان نے رشید پہلوان کو چت کیا۔ڈی جے پہلوان نے کمالو شیخوپوریا کو ہرایا۔شانہ پہلوان دلچسپ مقابلے کے بعد جاوید خرادیہ پہلوان کو چت کرنے میں کامیاب ہوئے۔

جمشید پہلوان پٹھاگوگا شاہیاوالا اور موٹا پہلوان کے درمیان ہونے والی کشتی پرابر رہی۔ٹائون شپ گرائونڈ میں ہونے والے اس دنگل میں کشتی کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوںنے تمام پہلوانوں کو بھرپور داد دی۔کشتیوں کے اختتام پر مہمان خصوصی معروف سیاسی وسماجی رہنمامیاں سعید ڈیرے والے اور انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن پنجاب کے صدرمیاں جاوید علی نے جیتنے والے پہلوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔
وقت اشاعت : 17/08/2019 - 17:03:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :