مردان: جوڈو مقابلے میں طالبہ سر پر چوٹ لگنے سے جاں بحق

20 سالہ طالبہ بورڈ ایجوکیشن کمپلیکس میں جوڈو کے مقابلے میں شریک تھی جسکے دوران اسکی فائٹ کروائی گئی، مخالف کھلاڑی کے ایک داؤ کے دوران اسکو سر پر شدید چوٹ آئی اور حالت غیر ہوگئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 4 مارچ 2024 10:54

مردان: جوڈو مقابلے میں طالبہ سر پر چوٹ لگنے سے جاں بحق
مردان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 مارچ 2024ء ) مردان میں بورڈ آف ایجوکیشن اسپورٹس کمپلیکس میں جوڈو مقابلے میں زخمی ہونے والی طالبہ جاں بحق ہوگئی۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر مسعود احمد نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ کے لیے لڑکیوں کے ٹرائلز جاری تھے اور 44 کلوگرام کے مقابلے کے دوران پشاور کی فضا شیر علی مقابل کے دوران گر گئیں اور ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے اسے مردان ہسپتال پہنچایا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ 20 سالہ فضا شیر علی فیصل کالونی پشاور کے رہائشی شیر علی کی بیٹی تھیں اور اسلامیہ کالج پشاور کی بی ایس فرسٹ سمسٹر کی طالبہ تھی۔ مسعود احمد نے بتایا کہ وہ اس کھیل میں نئی تھیں اور مانسہرہ کی کھلاڑی کے خلاف مقابلے کے دوران قابو نہ رکھ سکی۔

(جاری ہے)

مردان کے بی آئی ایس ای اسپورٹس کمپلیکس میں پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ پروگرام کے تحت منعقدہ جوڈو ٹرائلز میں پشاور کی 50 سے زائد خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا، ریسکیو 1122 کے اہلکار نے بھی واقعے کی تصدیق کی۔

ریسکیو 1122 کے حکام نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد خاتون کھلاڑی کو مردان کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دیا۔                                                                                                                                                                          
وقت اشاعت : 04/03/2024 - 10:54:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :