بھارتی کوچ روی شاستری کی سالانہ تنخواہ کتنی ہے؟ حیران کن انکشاف

سالانہ تقریباً 10 کروڑ بھارتی روپے ملیں گے،مصباح الحق بطور ہیڈ کوچ سالانہ 4 کروڑ روپے کے قریب تنخواہ لیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 9 ستمبر 2019 14:33

بھارتی کوچ روی شاستری کی سالانہ تنخواہ کتنی ہے؟ حیران کن انکشاف
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 ستمبر2019ء) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر روی شاستری کو دوبارہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے اور اس کیساتھ ہی ان کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد انہیں سالانہ تقریباً 10 کروڑ بھارتی روپے ملیں گے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق روی شاستری کی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے ساتھ ہی ان کی سالانہ تنخواہ 10 کروڑ بھارتی روپے ہو جائے گی جب کہ اس سے قبل وہ 8 کروڑ روپے سالانہ لے رہے تھے۔

اس کے علاوہ باﺅلنگ کوچ بھرت ارون کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے اور وہ سالانہ 3.5 کروڑ بھارتی روپے حاصل کر سکیں گے اور فیلڈنگ کوچ سریدھار کو بھی اتنی ہی سالانہ تنخواہ ملے گی جب کہ بیٹنگ کوچ سنجے بنگر کو اڑھائی کروڑ سے 3 کروڑ بھارتی روپے سالانہ تنخواہ ملے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو ماہانہ 32لاکھ روپے(سالانہ4کروڑ روپے) معاوضہ دیا جائے گا جس پر سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ مصباح کا کوچنگ کا تجربہ نہ ہونے کے باوجود انہیں اتنا معاوضہ دیا جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

                                                                                                                                                                           
وقت اشاعت : 09/09/2019 - 14:33:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :