آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 2020 یا 2021 میں پاکستان کا دورہ کرے گی

پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے حکام پاکستان میں سیکورٹی صورتحال اور انتظامات سے مطمئن دکھائی دیے: وزارت داخلہ

muhammad ali محمد علی منگل 17 ستمبر 2019 20:00

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 2020 یا 2021 میں پاکستان کا دورہ کرے گی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 ستمبر2019ء) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 2020 یا 2021 میں پاکستان کا دورہ کرے گی، وزارت داخلہ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے حکام پاکستان میں سیکورٹی صورتحال اور انتظامات سے مطمئن دکھائی دیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

ایک دہائی کے دوران پہلی مرتبہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے حکام نےسیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ آسٹریلین کرکٹ بورڈ حکام کو وزارت داخلہ اور پی سی بی حکام کی جانب سے پاکستان میں سیکورٹی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفند دی گئی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے حکام پاکستان میں سیکورٹی صورتحال کی بہتری اور سیکورٹی انتظامات سے خاصے متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو جائے گا۔ اس سلسلے میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 2020 یا 2021 میں پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے۔ تاہم اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 20 سال قبل 1999 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ 1999 کے بعد آسٹریلیا نے پاکستان کا کبھی دورہ نہیں کیا۔ تاہم اب امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم اگلے سال یا 2021 میں پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے۔
وقت اشاعت : 17/09/2019 - 20:00:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :