پاک سری لنکا کرکٹ سیریز کیلئے ڈیوڈ بون میچ ریفری مقرر

علیم ڈار، مائیکل گف، جول ولسن امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے

ہفتہ 21 ستمبر 2019 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین شیڈول ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کیلئے ریفریز اور امپائرز کا اعلان کر دیا ہے، سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ بون دونوں سیریز میں میچ ریفری کے فرائض سر انجام دیں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو آئی سی سی نے آئندہ ہفتے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت ڈیوڈ بون کو دونوں سیریز کیلئے میچ ریفری مقرر کر دیا گیا ہے۔ 58 سالہ ڈیوڈ بون کو 107 ٹیسٹ اور 181 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں ملک کی نمائندگی اعزاز حاصل ہے اور وہ 2011ء سے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کا حصہ ہیں، دیگر آفیشلز میں پاکستانی ایمپائر علیم ڈار، مائیکل گف، جول ولسن، احسن رضا، شوذب رضا، طارق رشید، راشد ریاض اور آصف یعقوب شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 21/09/2019 - 16:20:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :