پہلا ٹی ٹونٹی ، سری لنکا نے پاکستان کو جیت کےلئے 166رنزکا ہدف دیدیا

گوناتھلیکا کی نصف سنچری،حسنین کی ہیٹرک

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 5 اکتوبر 2019 20:08

پہلا ٹی ٹونٹی ، سری لنکا نے پاکستان کو جیت کےلئے 166رنزکا ہدف دیدیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر2019ء) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کےلئے 166رنز کا ہدف دیا ہے ۔ قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر وکٹ کو بیٹنگ کے لیے سازگار قرار دیتے ہوئے سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔مہمان ٹیم کے اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز کا آغاز فراہم کیا، گناتھلاکا نے 38 گیندوں پر 57 رنز بنائے، ان کی باری میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا،وہ شاداب خان کا شکار بنے،اوشکا فرنینیڈو33رنز کی باری کھیلنے کے بعد رن آﺅٹ ہوئے،راجا پکسے22گیندوں پر32رنز بنا کر حسنین کے یارکر پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے،شناکا17رنز سکور کرکے حسنین کا دوسرا شکار بنے،جے سوریا اگلی ہی گیند پر پوویلین لوٹ گئے جس کے ساتھ ہی حسنین نے اپنی ہیٹرک مکمل کی ،میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں، احمد شہزاد، عمر اکمل، محمد حسنین، عماد وسیم اور آصف علی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے لیکن ہم کم سے کم رنز پر سری لنکن ٹیم کو محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔سرفراز نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہاں اوس پڑے گی جس سے باﺅلنگ مشکل ہو جائے گی اور اسی وجہ سے ہم نے پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو ہرانا آسان نہیں ہو گا کیونکہ وہ ٹی20 میں اچھی کارکردگی دکھانے کا فن جانتے ہیں اور ہم ان شااللہ اپنی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

سری لنکا کے ٹی20 کپتان داسن شناکا نے کہا کہ میں یہاں کھیل کر لطف اندوز ہوتا ہوں، ہماری ٹیم اچھے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم پاکستانی ٹیم سے اچھا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔داسن شناکا نے کہا کہ اس وکٹ پر 170 رنز ایک اچھا سکور ہو گا۔میچ کے لیے پاکستانی ٹیم سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، عمر اکمل، آصف علی، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر اور محمد حسنین پر مشتمل ہے جب کہ سری لنکن ٹیم میں داسن شناکا(کپتان)، دھنشکار گونا تھیلاکا، آوشکا فرنینڈو، شیہان جے سوریا، بنوکا راجا پکشا، نود بھنوکا، لکشن سنداکن، ایسورو یوڈانا، ونندو ہسارنگا، کاسن رجیتھا اور نوان پرادیپ شامل ہے ۔

وقت اشاعت : 05/10/2019 - 20:08:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :