احمد شہزاد اور عمر اکمل کو سفارش پہ ٹیم میں ڈالنے کے الزام پر پی سی بی نے ن لیگی رہنما کو جواب دے دیا

مصباح الحق کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے، وہ اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں، سینیٹر مشاہداللہ کے بیان پر افسوس ہوا: پی سی بی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:34

احمد شہزاد اور عمر اکمل کو سفارش پہ ٹیم میں ڈالنے کے الزام پر پی سی بی نے ن لیگی رہنما کو جواب دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2019ء) احمد شہزاد اور عمر اکمل کو سفارش پہ ٹیم میں ڈالنے کے الزام پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ن لیگی رہنما سینیٹر مشاہداللہ کو جواب دے دیا ہے۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ مصباح الحق کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے، وہ اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں، سینیٹر مشاہداللہ کے بیان پر افسوس ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قومی ٹیم کی سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں کمیٹی کے اراکین نے قومی ٹیم کی ناتجربہ کار سری لنکن ٹیم کے ہاتھوں شکست پر برہمی کا اظہار کیا۔ اس اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہداللہ خان نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں دو سفارشی کھلاڑیوں کو بھی کھلایا گیا اور سوال کیا کہ آخر عمراکمل اور احمد شہزاد اچانک کیسے ٹیم میں آگئے؟ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو سفارش پر ٹیم میں شامل کیا گیا اور ہیڈ کوچ مصباح الحق پر دباؤ ڈال کر زبردستی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کروایا گیا۔

(جاری ہے)

آج پی سی بی نے ان کے اس بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصباح الحق کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے، وہ اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ٹیم کا اعلان کیا تھا جس میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کی واپسی ہوئی تھی۔

احمد شہزاد ایک سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے تھے، انہوں نے آخری بار 13 جون 2018 کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ عمر اکمل کی بھی 3 سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی تھی اور انہوں نے آخری بار 27 ستمبر 2016 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ دوسری جانب ہیڈ کوچ مصباح الحق کپتان سمیت بعض کھلاڑیوں کے رویوں سے مایوس نظر آنے لگے ہیں۔
وقت اشاعت : 17/10/2019 - 21:34:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :