سرفراز احمد دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے

ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کریں،پی سی بی کی ہدایت

جمعہ 18 اکتوبر 2019 22:25

سرفراز احمد دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد ٹیم سے بھی نکال دیا گیا ہے ۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اب دورہ آسٹریلیا کے لیے بھی قومی ٹیم میں شامل نہیں ہوسکیں گے، انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے اظہر علی کو کپتان بنادیا گیا ہے، سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کردیا جائیگا تاہم ٹیسٹ میں انکے نائب ممکنہ طور پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہوں گے،اظہرعلی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 19-2020 کیلئے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سرفراز احمد کی خراب پرفارمنس کے باعث انہیں ٹی ٹونٹی کی کپتانی سے بھی ہٹادیا گیا ہے، ٹی ٹونٹی میں ٹیم کی قیادت بابراعظم کو دی گئی ہے، وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ تک ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ٹی ٹونٹی کی قیادت کے لیے محمد حفیظ اور عماد وسیم کا نام بھی سامنے آرہا تھا اور پی سی بی نے ٹی ٹونٹی کی کپتانی کے لیے عماد وسیم کا نام دیا تھا تاہم ٹیم مینجمنٹ چاہتی ہے کہ ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ میں کپتانی کی ذمہ داری بابراعظم کو ہی دی جائے۔

ٹی ٹونٹی کے نئے کپتان بابراعظم ممکنہ طور پر ون ڈے کے بھی کپتان ہوں گے تاہم اس کا حتمی فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے، اگلے 6 ماہ تک پاکستانی ٹیم کوئی بھی ون ڈے نہیں کھیلے گی اس لیے زیادہ امکان یہی ہے کہ ٹی ٹونٹی کے کپتان کو ہی ون ڈے کی قیادت بھی دی جائے گی۔
وقت اشاعت : 18/10/2019 - 22:25:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :