لاہور حملے میں زخمی ہونیوالے سنگاکارا پاکستان آنے کیلئے تیار

اگر ایم سی سی کا دورہ ممکن ہوا تو میں اس کا حصہ ہوں گا:سابق سری لنکن کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 اکتوبر 2019 15:22

لاہور حملے میں زخمی ہونیوالے سنگاکارا پاکستان آنے کیلئے تیار
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اکتوبر2019ء) ایم سی سی کے صدر اور سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا نے ایم سی سی کے دورہ پاکستان کا عندیہ دے دیا،یہ بھی کہا کہ میں بھی پاکستان آنے کےلئے تیار ہوں۔ایک انٹرویو میں ان سے پوچھا گیا کہ آپ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کو کس طرح دیکھتے ہیں؟ انہوں نے جواب دیا کہ سری لنکا کا دورہ پاکستان دیکھ کر بہت اچھا لگا اور ردعمل سے واضح ہے کہ یہ ایک بہترین دورہ تھا،سری لنکا کے کھلاڑیوں نے بھی دورہ پاکستان کو خوب انجوائے کیا، وہاں سکیورٹی انتظامات بھی سخت تھے اور پاکستان میں مہمان کھلاڑیوں کو تمام سہولیات بھی فراہم کی گئیں تھیں۔

سنگاکارا نے بتایا کہ ایم سی سی بھی اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے بات غور کر رہی ہے، پی سی بی کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان بھی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں ایم سی سی کو سیکیورٹی کے اعتبار سے مختلف منصوبے بھی پیش کیے اور بتایا کہ یہ دورہ کس طرح ہوسکتا ہے، اگر ایم سی سی کا دورہ پاکستان منعقد ہوجائے تو یہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے ایک غیر معمولی پیشرفت ہوگی۔

(جاری ہے)

سنگاکارا نے کہا کہ پاکستان نے سکیورٹی کے اعتبار سے بہت کچھ کیا ہے، یہاں آہستہ آہستہ لیکن یقین طور پر کرکٹ بحال ہوجائے گی اور پاکستانی کھلاڑی اپنے ہوم کراﺅڈ کے سامنے میچز کھیل رہے ہوں گے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ پاکستان جانے کےلئے تیار ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ اگر ایم سی سی کا دورہ ممکن ہوا تو میں اس کا حصہ ہوں گا۔خیال رہے کہ پاکستان میں کرکٹ سمیت دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے دروازے اس وقت بند ہوگئے تھے جب 3 مارچ 2009 کو سری لنکن ٹیم پر دہشتگرد حملہ ہوا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے کھیل کےلئے مہمان ٹیم بس کے ذریعے جب قذافی سٹیڈیم آرہی تھی تولبرٹی چوک پر دہشتگردوں نے بس پر حملہ کردیا،اس حملے میں7 سری لنکن کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے جن میں کمار سنگاکارا بھی شامل تھے۔خیال رہے کہ رواں برس ستمبر اور اکتوبر میں سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز کھیلی گئی۔
وقت اشاعت : 21/10/2019 - 15:22:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :