عامر اور عرفان کی موجودگی میں ڈیوڈ وارنر کےلئے پلان بنایا ہوا ہے :بابر اعظم

انڈر 19میں کپتانی بھی کی ہے اور کپتانی کے لیے اب بھی تیار ہوں:ٹی ٹوٹنی قائد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 نومبر 2019 15:20

عامر اور عرفان کی موجودگی میں ڈیوڈ وارنر کےلئے پلان بنایا ہوا ہے :بابر اعظم
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2نومبر2019ء) ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے قومی ٹیم کو رینکنگ میں نمبر ون ٹیم برقرار رکھنے کا عزم کیا ہے۔سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ 2015 ءسے انٹر نیشنل کرکٹ کھیلتا آرہا ہوں، انڈر 19میں کپتانی بھی کی ہے اور کپتانی کے لیے اب بھی تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ سیکھتا آرہا ہوں اور کوشش ہوگی جو سیکھا ہے اس پر میدان میں عمل کروں۔

پاک آسٹریلیا سیریز سے متعلق بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا بھی اچھی ٹیم ہے اس لیے اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، یہ سیریز بڑی اہم ہے کیوں کہ آئندہ ورلڈکپ بھی یہاں ہوگا اس لیے اس سیریز سے فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پلاننگ یہی ہے کہ پرفارمنس دیں گے تو کسی پر دباﺅنہیں آئے گا، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان کے ساتھ دیگر نوجوان کھلاڑی بھی ہیں جس سے ٹیم کا اچھا کمبینیشن ہے، عامر اور عرفان کی موجودگی میں ڈیوڈ وارنر کے لیے پلان بنایا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ٹیم ہے اور اس کی کپتانی بھی میرے لیے اعزاز ہے، سرفراز نے اسے نمبر ون ٹی ٹونٹی ٹیم بنایا لہٰذا میری کوشش ہوگی کہ اسے برقرار رکھا جائے۔بابراعظم کا کہنا تھا کہ سرفراز کی کمی محسوس کریں گے کیونکہ پاکستان کرکٹ کےلئے انکی بہت خدمات ہیں۔واضح رہے کہ قومی ٹی ٹونٹی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں 3 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے جہاں پہلا ٹی ٹونٹی میچ 3 نومبر، دوسرا 5 اور آخری 8 نومبر کو کھیلا جائے گا،3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے بعد قومی ٹیم کینگروز سے اظہر علی کی قیادت میں 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 02/11/2019 - 15:20:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :