نوجوان کھلاڑیوں میں اعتماد ہے،کھلاڑی آسٹریلیا میں تاریخ بنانا چاہتے ہیں،مصباح الحق

بیٹسمین خواہ کوئی بھی ہو، بولروں کو پلان کے مطابق بولنگ کرنا ہو تی ہے اور تسلسل کے ساتھ اچھی بولنگ کرکے ہی بیٹسمینوں کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے، گفتگو

منگل 19 نومبر 2019 22:49

برسبین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصبا ح الحق نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں میں اعتماد ہے اور وہ کچھ الگ کرکے آسٹریلیا میں تاریخ بنانا چاہتے ہیں۔ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے برسبین میں قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیٹسمین خواہ کوئی بھی ہو، بولروں کو پلان کے مطابق بولنگ کرنا ہو تی ہے اور تسلسل کے ساتھ اچھی بولنگ کرکے ہی بیٹسمینوں کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دباؤ ڈالنے کے لیے پلانز ہیں، کوشش ہو گی کہ بولر ایسی جگہ پر بولنگ کریں کہ بیٹسمینوں سے غلطیاں ہوں۔مصباح نے اسٹیو اسمتھ کو بیٹنگ جینئس قرار دیتے ہوئے کہاکہ اسمتھ فارم میں ہیں لیکن ہمارے بولرز بھی گیندیں اچھی کر رہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اسمتھ اور پاکستانی بولروں کے درمیان اچھا مقابلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز ختم ہو چکی ہے، یہ اب ایک مختلف فارمیٹ ہے، ٹی ٹوئنٹی میں ہم اچھا نہیں کھیلے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ پریکٹس میچز سے کھلاڑیوں کو اعتماد ملا ہے، آسٹریلیا اے کے خلاف بولرز اور بیٹسمین بہت اچھا کھیلے، کھلاڑیوں نے غیر معمولی کھیل پیش کیا اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ کھلاڑی ایڈجسٹ ہو رہے ہیں، انہیں کنڈیشنز کا پتہ چل گیا کہ یہاں کیسے کھیلنا ہے، میرے خیال میں اس چیز کاسیریز میں پاکستان ٹیم کو فائدہ ہو گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی، اس کا جہاں دباؤ ہو گا وہاں یہ چیز بھی ذہن میں ہوگی کہ جیتنے کا موقع ہے، نوجوان کھلاڑیوں میں اعتماد ہے، وہ ایسا کرنا چاہتے ہیں کہ جس سے نئی تاریخ بنے، بولرز نوجوان اور ناتجربہ کار ہیں لیکن جس طرح کی وہ بولنگ کر رہے ہیں اس سے ایسا محسوس نہیں ہوتا۔مصباح الحق نے بابراعظم کو ٹیم کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم جس طرح اس وقت کھیل رہے ہیں وہ ٹیم کے لیے بڑے اہم ہیں، ان کا ٹیم میں کردار بڑا کلیدی ہے، جنوبی افریقہ کے مقابلے میں بابر اعظم آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں زیادہ اچھا کھیل رہے ہیں، مجھے یہاں ان میں زیادہ اعتماد نظر آیا ہے۔
وقت اشاعت : 19/11/2019 - 22:49:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :