آسٹریلیا سے عبرتناک شکست پر پی سی بی کی قوم کو صبرکی تلقین

ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوچز تبدیل کرنے سے سب اچھا ہو جائے اور ہم دنیا بھر کو شکست دینا شروع کر دیں:وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 دسمبر 2019 13:51

آسٹریلیا سے عبرتناک شکست پر پی سی بی کی قوم کو صبرکی تلقین
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3دسمبر 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست پر پاکستانی عوام کو صبر کی تلقین کی ہے اور کہا ہے کہ راتوں رات سب کچھ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان کو آسٹریلیا میں دو ٹیسٹ میچوں میں اننگز کے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم یہ کوئی پہلا موقع نہیں تھا۔گرین شرٹس آسٹریلیا میں مسلسل 14 ٹیسٹ میچز ہار چکی ہے لیکن اس سیریز میں پاکستان ٹیم مقابلہ کرتے ہو ئے دکھائی نہ دی جس پر شائقین نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے پاکستانی ٹیم کی ہار پر آسٹریلیا میں ایک انٹرویو میں کہا کہ صبر بہت اہم ہوتا ہے، جب آپ جیتتے ہیں تو پھر ہار کا سامنا بھی ہوتا ہے لیکن شکست سے دنیا ختم نہیں ہو جاتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں صبر کرنا چاہیے، ہم طویل المدتی کوششیں کر رہے ہیں اور یقین ہے کہ ہماری کوششیں ضرور کامیاب ہونگی، ہم ٹیسٹ میں 7ویں اور ون ڈے میں چھٹے نمبر پر ہیں جو محض اتفاق نہیں ہے،ہم اسے راتوں رات تبدیل نہیں کر سکتے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوچز تبدیل کرنے سے سب اچھا ہو جائے اور ہم دنیا بھر کو شکست دینا شروع کر دیں ۔

انکا کہنا تھا کہ ہمیں اپنا سسٹم تبدیل کرنا ہے جس پر وقت ضرور لگ سکتا ہے لیکن نتائج سامنے آئینگے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز اچھا نہیں رہا ہے لیکن آسٹریلیا میں جو بھی ٹیم آتی ہے اسے مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز ٹف ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں پاکستان ٹیم کےلئے مثبت چیزیں بھی ہیں لیکن ہم اسے بھول جاتے ہیں لیکن آخری نتیجے کو صرف یاد رکھتے ہیں، بابرا عظم نے غیر معمولی اننگز کھیلیں جبکہ باﺅلنگ میں بھی کچھ اچھی چیزیں سامنے آئیں۔
وقت اشاعت : 03/12/2019 - 13:51:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :