پہلا ٹیسٹ ،سری لنکا نے کھانے کے وقفے پر بغیر کسی نقصان کے 89رنز بنا لیے

کارونارتنے57اورفرنینڈو26رنز کے ساتھ کریز پر موجود

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 11 دسمبر 2019 12:02

پہلا ٹیسٹ ،سری لنکا نے کھانے کے وقفے پر بغیر کسی نقصان کے 89رنز بنا لیے
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 دسمبر2019ء) ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہوگئیں اور پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے میچ میں کھانے کے وقفے پر مہمان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 89رنز بنا لیے ہیں ۔راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اوپنرز کاروناتنے اور فر نینڈو نے پاکستانی باﺅلرز کا اعتماد سے سامنا کیا اور کھانے کے وقفے پر اپنی ٹیم کا سکور بغیر کسی وکٹ کے89رنز تک پہنچا دیا،کارونارتنے57اورفرنینڈو26رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن کپتان دمتھ کرونارتنے نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے اس لیے بیٹنگ کافیصلہ کیا،سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ان کنڈیشز میں کھیلنے کے عادی ہیں۔

(جاری ہے)

ٹاس کے موقع پر گفتگو میں پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بتایا کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر خوشی ہے،انہوں نے بتایا کہ آج کے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے عابد علی اور عثمان شنواری نے ٹیسٹ کیریئر کا ڈیبیو کیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے یاسر شاہ کو ٹیم سے باہر کرنے کے فیصلے کو مشکل قرار دیا۔

انکا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی بہت پرجوش ہیں اور ہوم گراونڈ پر کھیلنے کی بہت خوشی ہے کیوں کہ بہت عرصے سے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی۔قبل ازیں اس حوالے سے کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم بھی مضبوط ہے اور آج کی وکٹ فاسٹ باﺅلرز کو مدد کرےگی اور چونکہ پاکستان میں سردیوں کا آغاز ہے اسلئے وکٹ پر بھی گھاس ہے۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آج ہونےوالے پاک،سری لنکا ٹیسٹ میچ کےساتھ ہی ملک میں 10 سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوگئی ، یہ سٹیڈیم 15سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کررہا ہے۔

رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں سری لنکن ٹیم نے محدود اوورز کی سیریز کے لیے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا تھا جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کی امیدیں روشن ہو گئی تھیں اور سری لنکا کی ٹیم کی آمد کےساتھ ہی ملک میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا۔واضح رہے کہ ہوم سیریز کےلئے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فواد عالم کو افتخار احمد کی جگہ جبکہ محمد موسیٰ کی جگہ عثمان شنواری کوٹیم میں شامل کیاگیا ہے، تاہم محمد موسیٰ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔

ملک میں 10 سال بعد ہونےوالے پہلے ٹیسٹ میچ کےلئے فواد عالم کو بھی 10 سال بعد ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن پہلے ٹیسٹ کے لیے منتخب کردہ سکواڈ میں وہ اور یاسر شاہ جگہ نہ بناسکے۔پاکستانی ٹیم میں کپتان اظہر علی کے علاوہ حارث سہیل، عابدعلی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمدرضوان، محمدعباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں۔سری لنکن ٹیم میں نروشن ڈکویلا، دھننجیا ڈی سلوا، دلروان پریرا، وشوافرنینڈو، کاسون راجیتھا، لہرو کمارا، دیموتھ کرونارتنے، اوشادافرنینڈو، کوشال مینڈس، انجیلومیتھیوز اور دنیش چندیمل شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 11/12/2019 - 12:02:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :