بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 15 دسمبر کو کھیلا جائے گا

جمعرات 12 دسمبر 2019 10:05

چنائی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) بھارت اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر کو چنائی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو تین ٹی 20 میچز کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی، بھارت نے مہمان ٹیم کو پہلے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی، ویسٹ انڈیز نے دوسرے میچ میں جاندار کم بیک کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی، بھارت نے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کو 67 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-1 رنز سے جیت لی تھی۔

تین ون ڈے میچز کی سیریز میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کرینگے جبکہ ویسٹ انڈیز ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر کیرون پولارڈ کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ میچ سخت اور کانٹے دار ہوگا ۔ ون ڈے سیریز سے میزبان ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ مایہ ناز اوپننگ بلے باز شیکھر دھون انجری مسائل کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ میانک اگروال کو ٹیم میں طلب کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ دھون انجری مسائل کے باعث کالی آندھی کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز بھی نہیں کھیلے سکے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے بھارتی ٹیم ٹیم کپتان ویرات کوہلی، نائب کپتان روہت شرما، میانک اگروال، لوکیش راہول ، شیریاس آئر ، منیش پانڈے، ریشبھ پانٹ ، شیوام ڈوبے، کیدر جادھو، رویندرا جدیجا، یزویندرا چھاہل، کلدیپ یادیو، دیپک چھاہار، محمد شامی اور بھونیشور کمار پر مشتمل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 18 دسمبر کو وشاکاپٹنم کے مقام پر کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 22 دسمبر کو کٹک میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 12/12/2019 - 10:05:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :