سرفراز احمد کی قومی انڈر 19اسکواڈ سے ملاقات

موجودہ اسکواڈ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ2020 جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے : سابق کپتان

پیر 6 جنوری 2020 21:18

سرفراز احمد کی قومی انڈر 19اسکواڈ سے ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2020ء) قومی کرکٹر سرفراز احمد نے پیر کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سرفراز احمد نے نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورے بھی دیئے۔ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جنوری سے این سی اے میں جاری ہے۔

9 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کے بعدقومی انڈر 19 اسکواڈ دس جنوری کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگا جہاں میگا ایونٹ کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا۔اس سے قبل پاکستان دو مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ جیت چکا ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ ، دوہزار چھ میں جیتا تھا، جہاں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد نے کی تھی۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر بیٹسمین کی قیادت میں پاکستان نے ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد38 رنز سے شکست دی تھی۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے فائنل میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے باوجود سرفراز احمد کی شاندار قیادت اور فاسٹ باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے بھارت کو محض 71 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔اس موقع پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لییمنتخب کردہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں اور یہ اسکواڈورلڈکپ جیتنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہاکہ گذشتہ سال قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہا،دورہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ میں کامیابی کے باعث نوجوان کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی اکثریت جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شامل تھی جس کے باعث انہیں کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے زیادہ وقت درکار نہیں ہوگا۔

اس موقع پر سرفراز احمد نے کہا کہ روحیل نذیر اچھے کھلاڑی ہیں اوربطور وکٹ کیپر بیٹسمین وہ بہترین فارم میں ہیں جس کا فائدہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ہوگا۔32 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا ہیکہ انڈر 19 کرکٹ ، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قومی اسکواڈ میں شمولیت کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے امکانات روشن ہوں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ وہ خود ، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ سمیت بیشتر کھلاڑی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ذریعے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 19 ٹیم کے موجودہ اسکواڈ میں بھی کئی کھلاڑی ایسے ہیں جو جلد قومی ٹیم کا حصہ بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔دوہزار چھ میں کامیابی کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کاکہنا تھاکہ وہ ورلڈکپ یادگار تھا، انہوں نے کہا کہ فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف لو اسکورنگ میچ میں کامیابی حاصل کرنا بڑی فتح تھی۔
وقت اشاعت : 06/01/2020 - 21:18:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :