فنچ اور وارنر کی شاندار بیٹنگ، بھارت کے خلاف پہلے ون ڈے میں پہلی وکٹ پر ریکارڈ 258 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کی

بدھ 15 جنوری 2020 11:11

فنچ اور وارنر کی شاندار بیٹنگ، بھارت کے خلاف پہلے ون ڈے میں پہلی وکٹ پر ریکارڈ 258 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2020ء) آسٹریلوی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز آرون فنچ اور اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے بھارت کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 258 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کی۔ یہ آسٹریلوی ٹیم کی بھارتی ٹیم کے خلاف پہلی وکٹ پر پہلی ریکارڈ ناقابل شکست پارٹنر شپ ہے ۔

کپتان آرون فنچ کی ون ڈے کیرئیر کی 16 جبکہ ڈیوڈ وارنر کی ون ڈے کیریئر کی 18 ویں سنچری تھی۔ دونوں کھلاڑیوں نے بھارت کے خلاف ممبئی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی اپنی ناقابل شکست سنچریان سکور کیں بلکہ پہلی وکٹ پر 258 رنز کی ناقابل شکست شراکت دار قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ وارنر نے 112 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 128 رنز بنائے جبکہ کپتان آرون فنچ نے 114 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 110 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر کو شاندار بلے بازی اور ناقابل شکست سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں پہلی وکٹ پر زیادہ رنز کی شراکت داری کا عالمی ریکارڈ ویسٹ انڈیز ٹیم کے پاس ہے ۔ جو ویسٹ انڈیز کے کیمپ بیل اور شائی ہوپ نے 5مئی 2019ء میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن کے مقام پر قائم کیا تھا۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کی طرف سے پہلی وکٹ پر 365 رنز کی عالمی شراکت داری قائم کی تھی۔
وقت اشاعت : 15/01/2020 - 11:11:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :