قومی ٹی ٹونٹی ٹیم میں شعیب ملک اور حفیظ کی واپسی کسے ممکن ہوئی؟ جانئے

دونوں سینئر کھلاڑیوں کو کپتان بابر اعظم کے اصرار پر بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں موقع دیا گیا ہے:ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 جنوری 2020 14:17

قومی ٹی ٹونٹی ٹیم میں شعیب ملک اور حفیظ کی واپسی کسے ممکن ہوئی؟ جانئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2020ء ) بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم میں سابق کپتان شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی ٹی ٹونٹی کپتان بابر اعظم کے اصرار کے باعث ممکن ہوسکی ہے -گزشتہ روزلاہور میں چیف سلیکٹر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹی ٹوئںٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا میں جونیئر پلیئرز لے کر گئے تھے، وہاں ہارے بھی اس لئے سینئرز کو واپس لے کر آئے ہیں، میری رائے میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لئے جونیئر اور سینئرز کا اچھا کمبی نیشن بنایا ہے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ حارث رؤف پی ایس ایل میں اچھی بولنگ کرتا آ رہا ہے، آسٹریلیا کے دوران میں بھی اس نے اچھی پرفارمنس دکھائی، ہمیں لگا کہ اس کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے اور وہ ہمارے لیے اور ٹیم کے لیے بہتر ثابت ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

24،25اور27جنوری کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے ٹی 20میچز کیلئے بابراعظم کپتان ہونگے جب کہ انہیں شعیب ملک ،محمد حفیظ ،حارث رؤف ،احسان علی ،عماد بٹ،عمادوسیم، خوشدل شاہ، افتخار احمد، محمد حسنین، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر کی خدمات حاصل ہوں گی ۔

شعیب ملک اور حفیظ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20سیریز میں ٹیم میں شامل 7کھلاڑیوں فخر زمان، آصف علی، حارث سہیل، امام الحق، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان کو ڈراپ کردیاگیاہے ۔عمادبٹ،احسان علی اور حارث رؤف کو محنت کا صلہ مل گیا اوروہ پہلی بار قومی ٹی 20ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں ۔آسٹریلیاکیخلاف ٹی 20سیریز کیلئے پاکستان کا 16رکنی سکواڈ منتخب کیاگیاتھاجن میں سے 7کھلاڑیوں کو ڈراپ کرکے شعیب ملک ،محمد حفیظ ،حارث رؤف ،احسان علی ،عماد بٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو بنگلہ دیش کیخلاف 15رکنی سکواڈ کا حصہ بنایاگیاہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی کپتان بابر اعظم کے اصرار پر ہی چیف سلیکٹر مصباح الحق نے شعیب ملک اور محمد حفیظ کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا ہے-
وقت اشاعت : 17/01/2020 - 14:17:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :