آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی خواتین اسکواڈ میں شامل کرکٹر عائشہ نسیم کو ان کی ہارڈ ہٹنگ صلاحیت کے باعث جانا جاتا ہے

بدھ 29 جنوری 2020 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جنوری2020ء) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی خواتین اسکواڈ میں شامل کرکٹر عائشہ نسیم کو ان کی ہارڈ ہٹنگ صلاحیت کے باعث جانا جاتا ہے۔ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی کرکٹر پاور پلے اوورز میں جارحانہ اندازسے بیٹنگ کرتے ہوئے گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

عائشہ نسیم نینومبر میں اسکلز ٹو شائن انڈر 18 ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ کے 4میچوں میں 48.50کی اوسط سے 97رنز اسکور کیے تھے۔خاتون کرکٹر ایونٹ میں 9 چھکے داغ کر سلیکٹرز کی توجہ اپنی طرف مرکوز کرنے میں کامیاب رہی تھی۔عائشہ نسیم نے قومی سہ فریقی ٹی ٹونٹی ویمنزکرکٹ چیمپئن شپ میں بھی 206 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز اسکور کیے تھے۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا کے شہر، باگن سے تعلق رکھنے والی 15سالہ کرکٹرکو کرکٹ کھیلنے کا شوق کراچی میں پیدا ہوا مگر رکاوٹوں اور مشکلات کے سبب وہ اپنے کیرئیر کو آگے بڑھانے کی غرض سے ایبٹ آباد منتقل ہوگئیں۔

عائشہ نسیم کاکہنا ہے کہ ہر انسان کو زندگی کے مختلف ادوار میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں بھی اپنے کرکٹ کیرئیر کے آغاز میں مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا،مگر وہ مشکلات کیباوجود ثابت قدم رہیں اورانہوں نے اپنے ذہن میں بہترین کرکٹر بننے کا خواب سجائے رکھا۔عائشہ نسیم نے کہا کہ انہیں کراچی اور لاہور سے کرکٹ کھیلنے کی پیشکش ہوئی مگر انہوں نے ایبٹ آباد میں ہی کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح ایبٹ آباد میں بھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں، انہیں یقین ہے کہ سہولیات میسرہوں تو اس شہر سے بھی بہت سے خواتین ،قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا حصہ بن سکتی ہیں۔عائشہ نسیم نے کہا کہ انہیں کرکٹ کا شوق اپنے بھائی کو کھیلتا دیکھ کر پیدا ہوا۔ 15سالہ ویمن کرکٹر نے ابتدائی چند ماہ لڑکوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔ عائشہ نسیم نے اپنے کرکٹ کیرئیر کا باقاعدہ آغاز2015 میں کیا۔

پہلی بار پاکستان خواتین کرکٹ اسکواڈ کا حصہ بننے والی عائشہ نسیم کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے لیے روانگی سے قبل وہ بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کرکٹر اپنے ملک کی جانب سے ورلڈکپ کھیلنے کی خواہش رکھتی ہے، وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ کیرئیر کے آغاز میں ہی انہیں میگا ایونٹ کھیلنے کا موقع مل رہاہے۔ عائشہ نسیم نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے انہیں قومی اسکواڈ میں شامل کرکے جو اعتماد کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی۔

15 رکنی اسکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی تاہم روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ 23 سے 30 جنوری تک کراچی میں جاری ہے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
وقت اشاعت : 29/01/2020 - 23:02:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :