آبائی شہر لاہور میں کرکٹ کھیلنا باعث فخر: عمران طاہر

2017ء میں ورلڈ الیون کے ساتھ دورہ کیا اوراب ملتان سلطانز کیلئے کھیلنا ہے :پروٹیز لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 فروری 2020 18:04

آبائی شہر لاہور میں کرکٹ کھیلنا باعث فخر: عمران طاہر
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری2020ء ) پی ایس ایل 5 میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر کیلئے ایک بار پھر اپنے آبائی شہر لاہور میں کرکٹ کھیلنا باعث فخر بات ہوگی جن کا کہنا ہے کہ لاہور ان کا اپنا شہر اور گھر ہے جہاں انہوں نے 2017ءمیں ورلڈ الیون کیساتھ دورہ کیا اور اب ملتان سلطانز کے ساتھ کھیلنا ایک پرجوش تجربہ ہوگا۔

قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران طاہر کا کہنا تھا کہ 2017ءمیں ورلڈ الیون کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وہ اپنے شہر میں کرکٹ کھیلیں گے جس کا اپنا ہی مزہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی بدولت ان کی فیملی بھی انہیں لاہور میں ایکشن میں دیکھ سکے گی جہاں وہ پلے بڑھے اور ان کیلئے یہ ایک قابل فخر بات ہوگی۔

(جاری ہے)

عمران طاہر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے کیونکہ اپنے ملک کا برانڈ اپنے ملک میں ہو تو کرکٹرز کو فائدہ پہنچتا ہے جن کو سپانسر شپ معاہدے مل جاتے ہیں جبکہ روزگار میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔

40 سالہ لیگ سپنر کا کہنا تھا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے مگر وہ پوائنٹس ٹیبل کے بجائے تسلسل کے ساتھ کھیلنے پر یقین رکھتے ہیں اور اس کا صلہ اللہ تعالیٰ سے ملتا ہے ۔ملتان سلطانزمیں باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ شاہد آفریدی کی موجودگی کو موثر قرار دینے والے عمران طاہر کا کہنا تھا کہ ان کا ہدف انفرادی کارکردگی نہیں بلکہ وہ ٹیم کی جیت کیلئے وکٹیں لینا چاہتے ہیں اور وکٹوں کے حصول پر ان کا روایتی جشن منانے کا انداز بھی نمایاں رہے گا کیونکہ کرکٹ ان کا جذبہ ہے جو کم نہیں ہو سکتا البتہ نتائج ان کے ہاتھ میں نہیں ہیں۔
وقت اشاعت : 18/02/2020 - 18:04:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :