گھر کے بھارتی شیر نیوزی لینڈ میں ڈھیر

نیوزی لینڈ نے بھارت کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں شکست دیکر دو میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی

پیر 2 مارچ 2020 10:15

گھر کے بھارتی شیر نیوزی لینڈ میں ڈھیر
کرائسٹ چرچ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2020ء) نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز 2-0 سے کلین سویپ کرلی، گھر کے شیر نیوزی لینڈ میں ڈھیر ہوگئے، میچ کا فیصلہ تیسرے روز ہی ہوگیا، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے مسلسل سات میچوں کی فتح ٹیم بھارت کو نیوزی لینڈ میں مسلسل دو میچوں میں شکست کا سامنا، بھارت ٹیم میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس نے میزبان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 132 رنز کا ہدف دیا، ٹرینٹ بولٹ نے چار اور ٹم سائوتھی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف بآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر مشن کلین سویپ مکمل کرلیا۔

(جاری ہے)

ٹام بلنڈل 55 اور ٹام لیتھم 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ٹم سائوتھی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کرائسٹ چرچ کے مقام پر کھیلے گئے دو میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 90 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ویہاری 5 اور پنت ایک رن پر کھیل رہے تھے، ہنوما ویہاری گزشتہ روز کے سکور میں 4 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 9 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، ریشبھ پنت 4 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، محمد شامی 5 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند پر بلنڈل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، جسپریت بمرا آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔

راویندرا جدیجہ 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت ٹیم دوسری اننگز میں 124 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے میزبان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 132 رنز کا ہدف دیا۔ کیوی ٹیم کے ٹرینٹ بولٹ نے 4 ، ٹم سائوتھی نے 3 جبکہ گرینڈہوم اور واگنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے بھارتی ٹیم کو میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز کلین سویپ کرلی۔

ٹام بلنڈل 55 اور ٹام لیتھم 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ بھارت کی طرف سے جسپریت بمرا نے دو اور یادیو نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ٹم سائوتھی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
وقت اشاعت : 02/03/2020 - 10:15:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :