نئی ٹیسٹ رینکنگ،ویرات کوہلی 2سال بعد 900پوائنٹس کی سطح سے نیچے آگئے

بابر اعظم بدستور5ویں پوزیشن پر براجمان،اسد شفیق کا17واں نمبر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 مارچ 2020 14:50

نئی ٹیسٹ رینکنگ،ویرات کوہلی 2سال بعد 900پوائنٹس کی سطح سے نیچے آگئے
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3مارچ2020ء ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی،بھارتی کپتان ویرات کوہلی 2سال بعد بلے بازوں کی رینکنگ میں 900پوائنٹس کی سطح سے نیچے آگئے ،کیوی کپتان کین ولیمسن کو بھی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کے خلاف سیریز میں ایک نصف سنچری کی مدد سے 117رنز بنا نے والے کیوی اوپنر ٹام بلنڈل27درجے ترقی کے ساتھ 46ویں پوزیشن پر آگئے، 2018ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کے بعد بھارتی ٹیم میں واپسی کرنے والے اوپنر پرتھوی شاکرائسٹ چرچ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نصف سنچری کی بدولت 93ویں سے76ویں پوزیشن پر آگئے ہیں،آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ 911پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں اور انہیں بھارتی کپتان ویرات کوہلی(886)پر25پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے جو نیوزی لینڈ کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں محض9.50کی اوسط سے 38رنز سکور کرنے کے سبب جنوری2018ء کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں 900پوائنٹس کی سطح سے نیچے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے مارنس لبسشین نے کیوی کپتان کین ولیمسن سے تیسری پوزیشن چھین لی ہے جب کہ پاکستان کے بابر اعظم 800پوائنٹس کے ساتھ بدستور5ویں پوزیشن پر براجمان ہیں،پاکستان کے اسد شفیق اس وقت17ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔باؤلرز کی رینکنگ میں بھارت کے خلاف پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ جیتنے والے ٹم ساؤتھی دودرجے ترقی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ اور کیوی پیسر ٹرینٹ بولٹ نے 4،4درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب7ویں اور9ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ،کائل جیمیسن نے 80ویں پوزیشن سے43ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے، جیمیسن نے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھی4درجے ترقی کے ساتھ22ویں پوزیشن سنبھالی لی ہے ۔
وقت اشاعت : 03/03/2020 - 14:50:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :