ثانیہ مرزا روزانہ کی بنیاد پر کمانے والوں کیلیے فنڈز جمع کرنے لگیں

بھارتی ٹینس سٹار کی فلاحی تنظیم کو چندہ دینے کی اپیل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 25 مارچ 2020 12:40

ثانیہ مرزا روزانہ کی بنیاد پر کمانے والوں کیلیے فنڈز جمع کرنے لگیں
حیدرآباد دکن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مارچ2020ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے یومیہ کمانے والوں کے لیے فنڈزجمع کرنے کی مہم شروع کر دی۔33 سالہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے مزدوروں کے لیے خوراک اور روزمرہ ضروریات کا اہتمام کرنے والی فلاحی تنظیم کو چندہ دینے کی اپیل کردی۔اپنے ویڈیو پیغام میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ خوش قسمتی سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہم گھروں میں بیٹھ کر بھی تمام سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی اہلیت رکھتے ہیں، مگر ہمیں ان لوگوں کا بھی سوچنا چاہیے جن میں اتنی سکت نہیں،لاک ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں لوگ اپنی فیملیز کو کھانا نہیں دے سکتے،ہمیں ان کے بارے میں سوچنا اور استطاعت کے مطابق مدد کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے 519 افراد متاثر جب کہ 10 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس کا آغاز چین کے شہر ووہان سے ہوا تھا جس سے چین میں 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔ چین نے صوبہ ہوبے کو لاک ڈاؤن کر کے وائرس پر قابو پا لیا لیکن اس کے بعد سے یہ وائرس مشرق وسطیٰ اور یورپ کے ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اب تک یہ وائرس 180 سے زائد ملکوں میں پھیل چکا ہے جس کے نتیجے میں 17 ہزار سے زائد افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ تقریباً 4 لاکھ افراد اب تک وائرس کی زد میں آچکے ہیں۔                                                                                                                                                                  
وقت اشاعت : 25/03/2020 - 12:40:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :