کچھ پلیئرز نے 2005ء میں مجھے قیادت سے ہٹانے کیلے سازش رچائی تھی: انضمام الحق

بنگلور ٹیسٹ میں ڈیکلیئریشن پرباب وولمر خوش نہیں تھے : سابق قائد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 اپریل 2020 14:02

کچھ پلیئرز نے 2005ء میں مجھے قیادت سے ہٹانے کیلے سازش رچائی تھی: انضمام الحق
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اپریل 2020ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے اپنی کپتانی کے خلاف بڑی سازش کی پرانی فائلز کھول دیں ۔ انضمام الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر انکشاف کیا کہ کچھ پلیئرز نے انھیں 2005ء میں قیادت سے ہٹانے کیلے سازش رچائی تھی، انھوں نے کہا کہ مجھے اس ٹور میں کمزور ترین ٹیم کا ساتھ حاصل رہا کیونکہ کچھ اہم پلیئرز نے جانے سے انکار کردیا تھا، ان کا خیال تھا کہ اس سیریز میں ناکامی پر مجھے کپتانی سے ہٹا دیا جائے گا اور انھیں ذمہ داری سنبھالنے کا موقع میسر آجائیگا۔

انضمام الحق نے اسی ٹور کے تیسرے بنگلور ٹیسٹ کا احوال بیان کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی کوچ باب وولمر دوسری اننگز جلد ڈیکلیئرڈکرنے کے فیصلے سے خوش نہیں تھے مگر میں نے انھیں غلط ثابت کیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں یونس خان کی ڈبل سنچری اور انضمام کی سنچری سے تقویت پا کر570 رنز بنائے تھے، جواب میں بھارتی ٹیم 449 پر آؤٹ ہوئی،گرین کیپس نے دوسری باری 2 وکٹ پر 261 رنز بنانے کے بعد ڈکلیئرڈ کردی تھی۔

انضمام نے کہاکہ میں نے وولمر کو پیغام بھیجا کہ میں اننگز ڈیکلیئرڈ کرنا چاہتا ہوں، انھوں نے جواب دیا کہ کپتان اور نائب کو مل کر فیصلہ کرنا چاہیے، میں نے یونس سے کہا وہ راضی ہوگئے، جب میں واپس آیا تو ہیڈ کوچ نے کہا کہ میرے خیال میں آپ کا فیصلہ غلط ہوسکتا ہے، مگر میرا خیال تھا کہ اگر ہم سہواگ کو جلد آؤٹ کرتے ہیں تو میزبان ٹیم دباؤ میں آجائے گی، اگلے روز جب عبدالرزاق نے سہواگ کو رن آؤٹ کیا تو میں نے سوچا کہ اگر رزاق کسی کو رن آؤٹ کرسکتا ہے تو پھر یہ ہمارا دن ہے، میرا اننگز جلد ڈکلیئر کرنیکا فیصلہ درست ثابت ہوا اور ہم وہ میچ جیت گئے، میرا 100 واں ٹیسٹ میرے لیے بہت ہی یادگار تھا۔
وقت اشاعت : 03/04/2020 - 14:02:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :