پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ نیدرلینڈز ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کے این سی بی کے مشورے کے بعد جولائی میں شیڈول دورہ نیدرلینڈز کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا ہے

جمعرات 23 اپریل 2020 18:36

پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ نیدرلینڈز ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کے این سی بی کے مشورے کے بعد جولائی میں شیڈول دورہ نیدرلینڈز کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔ پی سی بی نے یہ اعلان ڈچ حکومت کی جانب سے کوروناوائرس کی وباء کے پیش نظر یکم ستمبر 2020تک تمام(اسپورٹس اور کلچرل) ایونٹس پر پابندی عائد کرنے کے بعد کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز میں شامل تین میچز نیدرلینڈز کے شہرایمسٹلوین میں 4، 7 اور 9 جولائی کو کھیلے جانے تھے۔


وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نیافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی میں شیڈول دورہ نیدرلینڈز ملتوی کررہے ہیں مگر موجودہ حالات میں یہ بالکل درست فیصلہ ہے کیونکہ انسانی زندگیاں کسی بھی کرکٹ میچ یا کسی بھی سرگرمی سے بہت زیادہ قیمتی ہیں۔

(جاری ہے)


چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہاکہ نیدر لینڈز کورونا وائرس کے باعث شدید متاثرہوا ہے اور ہم اس دوران جانیں گنوانے والے افراد کے لیے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس موقع پر دیگر تمام ممالک کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کے این سی بی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ اس مشکل صورتحال پر جلدقابو پالے گا۔
وسیم خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ دورہ نیدرلینڈز کا بھرپور لطف اٹھایا اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے ویسے ہی پی سی بی اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس کرتے ہوئے کے این سی بی کی مشاورت سے دورہ نیدرلینڈز کے نئے شیڈول کی تیاری کاآغاز کردے گا۔


چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہاکہ اس موقع پر پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا 2 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل دورہ آئرلینڈ اور 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل دورہ انگلینڈکا شیڈول برقرار ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ بالترتیب ڈبلن اور لندن میں اپنے ہم منصب نمائندگان سے رابطہ میں ہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی ہمیشہ کی طرح ان دوروں کے حوالے سے بھی میزبان بورڈز سے رہنمائی حاصل کرنے پر خوش ہوگا تاہم کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئیاپنے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ اراکین کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


بیٹی ٹمر، چیئر آف کے این سی بی:
چیئر آف کے این سی بی بیٹی ٹمر نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ہم موسم گرما کے دوران نیدرلینڈز میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کی میزبانی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں، مداحوں اور عملے کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ڈچ حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندی بھی قابل فہم عمل ہے۔
چیئر آف کے این سی بی نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ آئندہ سیزن تک صورتحال قابو میں ہوگی اور ہم ایک بار پھر کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کے لیے تیار ہوں گے۔
وقت اشاعت : 23/04/2020 - 18:36:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :