کورونا وائرس نے بابراعظم، فخر زمان اور فہیم اشرف کو بڑی مشکل میں ڈال دیا

برطانیہ میں پروفیشنل کرکٹ پر پابندی میں یکم جولائی تک اضافے کے باعث قومی کرکٹرز کے کاﺅنٹی کرکٹ کے ساتھ معاہدے مشکلات کا شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 اپریل 2020 15:11

کورونا وائرس نے بابراعظم، فخر زمان اور فہیم اشرف کو بڑی مشکل میں ڈال دیا
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27اپریل 2020ء ) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث ملک میں پروفیشنل کرکٹ پر پابندی میں یکم جولائی تک اضافے کے باعث قومی کرکٹرز کے کاﺅنٹی کرکٹ کے ساتھ معاہدے بھی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ای سی بی نے کورونا وائرس کے باعث ملک میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو مزید عرصے کیلئے ملتوی کر دیا ہے جس کے باعث انگلش ڈومیسٹک سیزن بھی رواں سال کے آخر میں ہی منعقد کئے جانے کا امکان ہے تاہم اس کیلئے بھی کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں بہتری آنا لازمی ہو گا۔

پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم، فخر زمان اور فہیم اشرف کے کاﺅنٹی چیمپئن شپ کے معاہدے ہو چکے ہیں۔ بابراعظم نے سمرسیٹ کاﺅنٹی کلب کی نمائندگی کرنی ہے جب کہ فہیم اشرف نارتھیمپٹن شائر کی جانب سے کھیلیں گے،فخر زمان گلیمورگن کاونٹی کی جانب سے ان ایکشن ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح احسان عادل، بلاول بھٹی، وقار احمد اور منصور امجد کیساتھ بھی کاﺅنٹی چیمپئن شپ کیلئے معاہدے کئے گئے تھے۔

ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن کے مطابق موسم گرما میں چند مقابلوں کی امید ہے اس کا انحصار عالمی وبا کے کنٹرول میں آنے پر ہے۔ اس وقت تک کوئی کرکٹ نہیں ہوگی جب تک معاشرہ محفوظ نہیں ہوتا ۔ ہمارا شیڈول حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اور آفیشلز کو محفوظ ماحول فراہم کرکے میچزبند دروازوں کے پیچھے کھیلے جاسکتے ہیں البتہ اس بارے میں بھی ابھی مزید غور کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 27/04/2020 - 15:11:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :