کھلاڑیوں کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے موازنے کی بحث جاری

بابر اعظم میں کسی بھی بڑے بیٹسمین کی تمام خوبیاں موجود ہیں،پانچ سال میں خود کو منوایا‘سہیل تنویر اور عمران فرحت قومی کپتان کی صلاحیتوں کے معترف

منگل 19 مئی 2020 20:41

کھلاڑیوں کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے موازنے کی بحث جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2020ء) کھلاڑیوں کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے موازنے کی بحث جاری ہے ،سہیل تنویر اور عمران فرحت نے بابر اعظم کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں کسی بھی بڑے بیٹسمین کی تمام خوبیاں موجود ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری بحث میں سہیل تنویر نے کہا کہ بابر اعظم کے خلاف کئی بار بالنگ کرنے کا اتفاق ہوا ہے اور وہ بہت سخت حریف ہیں، بابر اعظم کم غلطی کرتے ہیں اور انہیں ہر گیند کو آسانی سے کھیلنے میں مہارت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی کو زیادہ بولنگ نہیں کی تاہم آئی پی ایل میں جب وہ نیا نیا آیا تھا تو ایک مرتبہ آئوٹ کرچکاہوں۔ انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی نے بابر اعظم کی نسبت زیادہ میچز کھیلے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی سنچریاں اور سکور زیادہ ہے جبکہ بابر اعظم نے کم میچز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کالوہا منوایا ہے اور دونوں ہی ٹیم کوکامیاب کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران فرحت نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھارتی بلے باز ویرات کوہلی سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں بابر اعظم نے جس طرح کا ذمہ دارانہ کھیل پیش کر کے خود کومنوایا ہے وہ قابل رشک ہے ۔ ویرات کافی کو اس مقام پر پہنچنے میں زیادہ عرصہ لگا ہے ۔ دونوں کے مزاج اورٹمپرامنٹ میں بھی نمایاں فرق ہے ،ویرات کوہلی جارحانہ موڈ رکھتا ہے جبکہ اس کے برعکس بابر اعظم تحمل مزاج کے حامل ہیں۔
وقت اشاعت : 19/05/2020 - 20:41:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :