ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو اکیڈمیز کے ذریعے ہی بروئے کار لایا جا سکتا ہے، حاجی نواب خان

کھلاڑی کرونا وائرس کے سلسلہ میں لاپرواہی اور بے احتیاطی کا مظاہرہ نہ کریں، میڈیا سے گفتگو

منگل 2 جون 2020 16:04

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) ماینار فٹ بال کلب کے صدر سابق رکن تحصیل کونسل سوات حاجی نواب خان نے کہاہے کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو اکیڈمیز کے ذریعے ہی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ملک کا سرمایہ اور سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اور یہ کھیلوں کے ذریعے ہی ملک کو قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ان کھلاڑیوں کے ذریعے ہی دوسرے ملکوں کے ساتھ باہمی رابطے بڑھانے کا بھی موقع ملتاہے، کروانا وائرس کی وباء کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کرونا وائرس کے سلسلہ میں لاپرواہی اور بے احتیاطی کا مظاہرہ نہ کریں۔ کرونا وائرس کی وباء نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور کھلاڑیوں کے کھیلوں کے میدان ویران کر دیئے ہیں، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں تاکہ کرونا وائرس کی وباء کے باعث ان کی فزیکل فٹنس میں کمی نہ آئے اور قوت مدافعت بھی کم نہ ہو، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدبیر پر عمل کرنا چاہئے اور اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑی سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو لاک ڈائون کے دوران حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے کیونکہ حکومت انسانوں کی زندگیاں بچانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس وقت پوری دنیا میں کرونا وائرس کی وباء کے باعث لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں اور ابھی تک اس موذی وباء پر قابو نہیں پایا جاسکا۔
وقت اشاعت : 02/06/2020 - 16:04:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :