سپورٹس ڈیسک

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنا لئے کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورتحال میں چار ماہ پانچ دن کے بعد کرکٹ سرگرمیاں شروع ہو گئیں، میچ شروع ہونے سے قبل اور میچ کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث کھیل متاثر ہوا، پہلے روز 17.4 کا کھیل ممکن ہو سکا، ویسٹ انڈیز کی طرف سے واحد وکٹ شینن گیبریل نے حاصل کی، انگلینڈ کے بین سٹوکس پہلی مرتبہ ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں

جمعرات 9 جولائی 2020 00:35

سائوتھمپٹن ۔ 8 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنا لئے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم جیسٹن ہولڈر کی زیر قیادت میدان میں اتری جبکہ میزبان ٹیم کی قیادت پہلی مرتبہ بین سٹوکس کر رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورتحال میں 4 ماہ پانچ دن کے بعد کرکٹ سرگرمیاں شروع ہو گئیں۔

کورنا وائرس کی وباء کے پھیلائو کے بعد یہ پہلی کرکٹ سیریز ہے جو انگلینڈ میں کھیلی جا رہی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق فیلڈ میں کھلاڑی ایک دوسرے سے جسمانی رابطہ نہیں رکھیں گے۔ ہاتھ نہیں ملائیں گے، گلے نہیں ملیں گے، تالی نہیں ماریں گے۔ اس کے علاوہ گیند کو تھوک سے چمکانے پر بھی پابندی ہے اور بائولرز امپائر کو اپنا سامان بھی نہیں پکڑوا سکیں گے بلکہ اسے بائونڈری لائن کے باہر رکھیں گے۔

(جاری ہے)

میچ شروع ہونے سے قبل اور میچ کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث کھیل متاثر ہوا، پہلے روز17.4 کا کھیل ممکن ہو سکا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے واحد وکٹ شینن گیبریل نے حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ دی روز، سائوتھمپٹن کے مقام پر شروع ہونے سے قبل ہی بارش کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس بھی لیٹ ہوا تاہم انگلینڈ ٹیم کی پہلی مرتبہ قیادت کرنے والے مایہ ناز آل رائونڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کی طرف سے رورے برنز اور ڈومینک سیبلے نے اننگز کا آغاز کیا۔ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بائولر سینن گیبریل نے پہلے اوور کی چوتھی بال پر ڈومینک سیبلے کو کلین بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد بارش کے باعث کھیل متاثر ہوتا رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بارش کے باعث 17.4 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا جس میں انگلینڈ کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنا لئے تھے رورے برنز 20 اور جوڈینلے 14 رنز کے ساتھ ناک آئوٹ تھے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے واحد وکٹ سینن گیبریل نے حاصل کی۔
وقت اشاعت : 09/07/2020 - 00:35:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :