پاکستان میں ہاکی کی بحالی کیلئے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی طرز پر فائیو اے سائیڈ ہاکی مقابلوں کی منصوبہ بندی

آئندہ ماہ ڈومیسٹک فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ

منگل 14 جولائی 2020 19:34

پاکستان میں ہاکی کی بحالی کیلئے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی طرز پر فائیو اے سائیڈ ہاکی مقابلوں کی منصوبہ بندی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2020ء) پاکستان میں ہاکی کی بحالی کے لئے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی طرز پر فائیو اے سائیڈ ہاکی مقابلوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں آئندہ ماہ ڈومیسٹک فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ہاکی کے کھیل کے فروغ کے لئے فائیو اے سائیڈ ہاکی کو بھرپور انداز میں متعارف کرانا چاہتی ہے اور یہ فارمیٹ ہمارے لیے کافی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرو لیگ میں جرمنی اوربلیجئیم کے میچز شیڈول کے اعلان سے بین الاقوامی سطح پر ہاکی سرگرمیاں بحالی کی امید پید اہوئی ہے ،ہمیںایف آئی ایچ ، اے ایچ ایف اور دیگر فیڈریشنز سے لیٹر موصول ہوئے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ جہاں ممکن ہوسکے مقررہ ایس او پیز کے ساتھ ہاکی بحال ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ اگست کے آخر میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا منصوبہ بنا رہے ہیں،فائیواے سائیڈ فارمیٹ ہاکی کا مستقبل ہے اس لئے اس پر ابھی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکول اور کلب ہاکی کی بحالی میں فائیو سائیڈ ہاکی اہم کردار ادا کرسکتی ہے،ایف آئی ایچ 2023 میں فائیو سائیڈ ہاکی ورلڈکپ کروارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ستمبر ،اکتوبر میں مقررہ ایس اوپیز کے ساتھ نیشنل ٹرے اور نیشنل ہاکی چمپئن شپ کروائیں گے،پاکستان سپورٹس بورڈ اور صوبائی سپورٹس بورڈز کو ایس او پیز کی تیاری کے لئے خط ارسال کر رہے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ فیڈریشن نے کوچز کی مشاورت اورتجویز پر 30 کھلاڑیوں کو فی کس 30 ہزار روپے پنڈامک الائونس دینے کا فیصلہ کیاہے۔
وقت اشاعت : 14/07/2020 - 19:34:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :