بورڈ کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے کے فیصلے کے بعد سوئی سدرن گیس نے اپنی کرکٹ ٹیم ختم کر دی

بابر اعظم، محمد عامر، شعیب ملک، سہیل خان، فواد عالم ، عمر امین سمیت 22 کھلاڑیوں کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا ‘ویب سائٹ

بدھ 15 جولائی 2020 22:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے کے فیصلے کے بعد سوئی سدرن گیس نے اپنی کرکٹ ٹیم کو ختم کر کے ملک کے کئی عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز بابر اعظم، محمد عامر، شعیب ملک، سہیل خان، فواد عالم ، عمر امین سمیت 22 کھلاڑیوں کو ملازمت سے فارغ کردیا۔ویب سائٹ کی خبر کے مطابق اس سے قبل ہیڈ کوچ عتیق الزماں ملازمت چھوڑ کر مستقل انگلینڈ چلے گئے تھے۔

(جاری ہے)

باخبر ذرائع نے بتایا کہ جب پی سی بی نے قومی فرسٹ کلاس سسٹم سے ڈپارٹمنٹ کے کردار کو ختم کیا ،اس کے بعد ہی سوئی سدرن گیس کی انتظامیہ نے ان کھلاڑیوں کے معاہدوں کو ختم کرکے ان کے بقا یا جات ادا کردیئے۔سوئی گیس میں ان کھلاڑیوں کو 3 لاکھ سے 50 ہزار روپے تک کی تنخواہ اور مراعات ملتی تھیں۔ سوئی ناردرن گیس اور نیشنل بینک سمیت کئی اداروں نے بھی اپنے کنٹریکٹ والے ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔ سوئی ناردرن گیس میں شامل بڑے کھلاڑی جن میں مصباح الحق، اسد شفیق، یاسر شاہ، محمد حفیظ، محمد عباس شامل ہیں کی ملازمتیںمستقل ہیں اور وہ اپنے اثر ورسوخ کی وجہ سے ملازمتوں کو بچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
وقت اشاعت : 15/07/2020 - 22:25:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :