واٹر بوائے سرفراز کا معاملہ ، ٹیم مینجمنٹ پر تنقید میں شدت

ہیڈ کوچ نے دانستہ خراب سلوک کیا،سینئر کھلاڑیوں کا احترام کرنا چاہئے :سرفراز نواز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 اگست 2020 14:39

واٹر بوائے سرفراز کا معاملہ ، ٹیم مینجمنٹ پر تنقید میں شدت
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2020ء ) واٹر بوائے سرفرازاحمد کے معاملے میں ٹیم مینجمنٹ پر تنقید میں شدت آگئی۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بالر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو جوتے اور پانی دے کر فیلڈ میں بھیجنا درست نہیں تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ٹیم مینجمنٹ نے جان بوجھ کر سرفراز احمد کے ساتھ خراب سلوک کیا جس کا مقصد یہ دکھانا تھا کہ کراچی کے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسا رویہ اپنایا جا سکتاہے ۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر مصباح الحق اپنے دور میں گراؤنڈ پر پانی لے کر گئے تو اُس وقت وہ کچھ مشورہ دینا چاہتے ہوں گے کیونکہ وہ ٹیم کے کپتان تھے مگر سرفراز احمد کے ساتھ جان بوجھ کر ہتک آمیز رویہ اپنایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

فواد عالم اور سہیل خان کو نہ کھلانا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ سرفراز احمد کے مطابق ان کے دور میں بھی کھلاڑی پانی لے کر فیلڈ پر جاتے تھے لیکن اس معاملے میں جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کا خیال رکھا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جتوانے اور پاکستان کو ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں نمبر ون پوزیشن پر لانے والے سابق کپتان کے ساتھ ایسا رویہ نامناسب ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کی بڑی وجہ بھی ہیڈ کوچ مصباح الحق کی دفاعی سوچ ہے ۔ سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ دو سپنرز کو کھلانا سمجھ سے بالاتر تھا اور شاداب خان کو کھلانے کے باوجود ان سے دوسری اننگز میں زیادہ اوورز نہیں کروائے گئے جبکہ ان کی جگہ کسی بیٹسمین کو کھلا کر بیٹنگ لائن کو مضبوط کیا جاسکتا تھا۔
وقت اشاعت : 10/08/2020 - 14:39:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :