تقدیر کا نیا کھیل،عرب امارات میں پی ایس ایل کی جگہ آئی پی ایل ہوگی

بھارت میں کووڈ-19کی صورتحال خراب رہی تو اگلے سال کے شروع میں انگلینڈ کیخلاف شیڈول سیریز بھی انہی میدانوں میں ہوگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 ستمبر 2020 16:49

تقدیر کا نیا کھیل،عرب امارات میں پی ایس ایل کی جگہ آئی پی ایل ہوگی
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 ستمبر 2020ء ) کل تک یہ آوازیں تھیں کہ پاکستان سپر لیگ متحدہ عرب امارات کے چند سو تماشائیوں کے ساتھ کھیلی جارہی ہے،یہ کھیل نہیں،یہ معیار نہیں اور یہ لیگ ہی نہیں۔ اور آج یہ ہے کہ بھارت کی آئی پی ایل جو دنیا کی مہنگی ترین لیگ ہے،جسے اصل کرکٹ سمجھا جاتا ہے اور جس کے سامنے باقی سب فضول ہے،وہی لیگ چند سو نہیں بلکہ خالی میدانوں میں شروع ہورہی ہے۔

وجہ جو بھی تھی لیکن پاکستان سپر لیگ کے باقی ماندہ میچز اگلے ماہ پاکستان میں شیڈول ہیں اور 5 ماہ بعد اگلی پی ایس ایل بھی پاکستان میں ہوگی اور بھارت اپنے ملک سے باہر دنیا کی سب سے قیمتی اور مہنگی لیگ کروانے پرمجبور ہوگیا ہے۔ بھارتی میڈیا اور اسکی کرکٹ کی یادداشتوں کیلئے سوچنے کا مقام ہوگااور کہنے اور بولنے کو کچھ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

تقدیر نے انہی میدانوں میں لا پھینکا،جس کا مذاق اڑایا گیا اور ایونٹ بھی وہ کہ اس جیسے ایونٹ کو اپنے ہاتھوں سے وہاں لے جانا پڑا۔

بھارت میں کووڈ-19کی صورتحال خراب رہی تو اگلے سال کے شروع میں انگلینڈ کیخلاف شیڈول سیریز بھی انہی میدانوں میں ہوگی اور پھر دنیا ایک اور نظارہ کریگی کہ کل تک پاکستان جن میدانوں میں اپنی انٹر نیشنل سیریز کھیل رہا تھا ،وہاں اب بھارت موجود ہے۔بھارت کی آئی پی ایل کی وسل آج ابو ظہبی میں دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز اورچنائی سپر کنگز کے میچ کے ساتھ بجے گی،یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 بجے شروع ہوگا۔

ایم ایس دھونی اور روہت شرما الیون کیلئے ملک سے باہر مسلسل کھیلنے کا یہ نیا تجربہ ہوگا۔ ابو ظہبی میں وکٹ بیٹسمینوں کیلئے زیادہ مدد گار نہیں ہوتی،18 ماہ کے سابقہ ریکارڈ کے مطابق پہلے بیٹنگ والی ٹیم 140 سکور کرسکی ہے۔ ممبئی انڈینز 2012ء کے بعد کسی بھی سیزن کا پہلا میچ نہیں جیتی ہے لیکن اس بار اسکی خوش قسمتی یہ ہے کہ اس کے مقابل چنائی سپر کنگز کی ٹیم پہلے میچ میں آئی ہے جس کیخلاف اس نے آخری 10 میں سے 8 میچز جیت رکھے ہیں۔
وقت اشاعت : 19/09/2020 - 16:49:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :