آئی پی ایل، 18 سالہ غریب بھارتی کرکٹر 3 لاکھ ڈالرز کے عوض راجستھان رائلز میں شامل

جھونپڑی میں رہنے ، پانی پوری بیچ کر گزارا کرنیوالےجسپال نے اے کرکٹ کے پہلے ہی میچ میں 154 گیندوں پر 203 رنز بنائے، اے کرکٹ کا کم عمر ترین کرکٹر کا اعزاز بھی پالیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 ستمبر 2020 17:54

آئی پی ایل، 18 سالہ غریب بھارتی کرکٹر 3 لاکھ ڈالرز کے عوض راجستھان رائلز میں شامل
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2020ء ) کرکٹ کے شوق میں آٹھ سال کی عمر میں گھر سے نکلنے والے 18 سالہ بھارتی نوجوان کو اپنے خوابوں کی تعبیر مل گئی، یشاسوی جسپال کو آئی پی ایل میں راجستھان رائلز نے 3 لاکھ ڈالرز کی بولی دے کر حاصل کرلیا۔ 28 دسمبر 2001ء کو اترپردیش میں پیدا ہونیوالا جسپال 8 برس کی عمر میں پروفیشنل کرکٹر بننے کے جذبے کے ساتھ والد کے ہمراہ ممبئی پہنچا اور کرکٹ گراؤنڈ کے قریب جھونپڑی میں رہنے لگا۔

والد واپس گاؤں چلے گئے اور وہ گزربسر کے لیے سڑک پر پھل فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے میدان میں مصروف رہتا تھا۔ تین برس قبل اس کے نصیب جاگ اٹھے، کرکٹ کوچ جلوہ سنگھ نے میدان میں بیٹنگ پریکٹس کرتے ہوئے دیکھ کر اس کی اہلیت اور صلاحیت کا اندازہ لگالیا اور اپنی کرکٹ اکیڈمی میں شامل کرنے کے ساتھ اپنی رہائش گاہ میں قیام کی سہولت بھی فراہم کی۔

(جاری ہے)

جسپال نے سکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں ٹرپل سنچری سکور کرنے کے ساتھ 13 وکٹیں اپنے نام کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا، جسپال ممبئی انڈر 16 کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے کے بعد عالمی کپ جونیئر کپ 2020ء کے لیے بھارت انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بنا۔ وجے ہزارے ٹرافی میں اپنے پہلے ہی میچ میں ڈبل سنچری جڑتے ہوئے 154 گیندوں پر 203 رنز کی اننگ کھیلنے والے جسپال نے اے کرکٹ میں دنیا کے سب سے کم عمر کرکٹر ہونے کا 50 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔ مسلسل شاندار کارکردگی کی بدولت آئی پی ایل میں راجستھان رائلز نے 27 ہزار ڈالر سے شروع ہونیوالی جسپال کی بولی 3 لاکھ 27 ہزار ڈالر میں حاصل کرلی۔ جسپال کا خواب ہے کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل ہو اور ٹیسٹ کرکٹ کیپ حاصل کرے۔
وقت اشاعت : 22/09/2020 - 17:54:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :