عمراکمل کیس،عالمی ثالثی عدالت نے قریبی ملک میں سماعت کی درخواست مسترد کردی

پی سی بی کی ویڈیو لنک سماعت کی اپیل بھی مسترد ہونے کے امکانات

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 25 ستمبر 2020 14:13

عمراکمل کیس،عالمی ثالثی عدالت نے قریبی ملک میں سماعت کی درخواست مسترد کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 ستمبر 2020ء ) عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کرپشن کیس میں کسی نزدیکی ملک میں سماعت کی پی سی بی کی درخواست مسترد کردی۔ کرکٹر عمر اکمل کرپشن کیس میں عالمی ثالثی عدالت نے اخراجات میں کمی کی خاطر کسی نزدیکی ملک میں سماعت کی پی سی بی کی درخواست مسترد کردی۔ ویڈیو لنک سماعت کی اپیل بھی مسترد ہونے کے امکانات ہیں تاہم عالمی ثالثی عدالت کی جانب سے ویڈیو لنک اپیل کا فیصلہ کرنا ابھی باقی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمر اکمل کے وکلا ویڈیو لنک سماعت کے زیادہ حق میں نہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کی سزا میں کمی کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسرسلمان نصیر کے مطابق یہ فیصلہ خاصا مشکل اور تکلیف دہ تھا لیکن اس بار ہم نے سوچا کہ ایسا کرنا ضروری تھا۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن ٹربیونل نے عمراکمل کے خلاف سپاٹ فکسنگ کیس میں تین سال کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف عمر اکمل نے اپیل کی اورآزادانہ ایڈڈیجوکیٹرجسٹس ریٹائرڈ فقیرمحمد کھوکھر نے سزا کو کم کرکے 18 ماہ کردیا تھا۔

سلمان نصیرکے مطابق پی سی بی سزا میں کمی سے خوش نہیں اوربعض اہم قانونی نکات کی تشریح ابھی تک حل طلب ہے۔ اس لیے ہم نے مناسب سمجھا کہ ثالثی عدالت سے رجوع کریں۔ اب یہ کورٹ پرمنحصر ہے کہ وہ سوئٹزرلینڈ یا کسی اورمناسب مقام پر اس کیس کی سماعت کرے۔ ہم نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ جج صرف ایک ہی ہو تاکہ اخراجات کم آئیں۔ خیال رہے کہ سزا میں کمی کے فیصلے پر عمر اکمل کا کہنا تھا کہ پابندی میں کمی پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، سزا کو مزید کم کرانے کی اپیل کا فیصلہ کروںگا، وکلاء جو تجویز دیں گے اس کے مطابق حکمت عملی بناؤں گا۔

عمر اکمل کی سزا میں ڈیڑھ سال کی کمی کردی گئی قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کھلاڑیوں سے غلطیاں ہوئیں، سزا میں کمی کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہوں، چاہتا ہوں ڈیڑھ سال کے بجائے سزا میں مزید کمی کی جائے، حالات کے مطابق حکمت عملی تیار کروںگا۔ یاد رہے کہ دو مختلف مواقع پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے عمر اکمل پر 3 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ چیئرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان نے 27 اپریل کو مختصر فیصلہ سناتے ہوئے عمر اکمل پر 3 سال کے لیے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔
وقت اشاعت : 25/09/2020 - 14:13:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :