سری لنکن پریمیئر لیگ کھیلنے کے خواہشمند کھلاڑیوں کا پی سی بی سے رابطہ

دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد سری لنکن لیگ میں شرکت کے خواہاں کھلاڑیوں کو این او سی جاری کردیئے جائیںگے: پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 7 نومبر 2020 15:40

سری لنکن پریمیئر لیگ کھیلنے کے خواہشمند کھلاڑیوں کا پی سی بی سے رابطہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 نومبر 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کو سری لنکن پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کی جانب سے این او سی کے حصول کے لیے درخواستیں موصول ہوگئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سری لنکن پریمیئر لیگ کی فرنچائزز سے 8 پاکستانی کرکٹرز نے معاہدے کیے تھے جن میں سے 5 کھلاڑیوں نے پی سی بی سے این او سی مانگ لیا ہے۔

پی سی بی حکام کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد سری لنکن پریمیئر لیگ میں شرکت کرنے کے خواہش مند کھلاڑیوں کو این او سی جاری کردیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان 11 نومبر کو متوقع ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پی ایس ایل 2020ء کے بقیہ میچز کے اختتام پر 23 نومبر کو نیوزی لینڈ کے دورے پر جانا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پریمیئر لیگ کا انعقاد 21 نومبر سے ہونا تھا تاہم اب ایونٹ کو مزید 6 دن آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ لنکا پریمیئر لیگ کے 23 میچوں میں شاہدآفریدی، کرس گیل، فاف ڈوپلیسی اور کارلوس بریتھ ویٹ سمیت دیگر نامور کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ سری لنکا بورڈ نے کہا کہ پریمیئر لیگ 27 نومبر سے شروع ہوگی اور فائنل میچ 17 دسمبر کو ہوگا۔

لیگ کے تمام میچ ہمبن ٹوٹا میں کھیلے جائیں گے۔ تمام میچ خالی سٹیڈیم میں کرائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ اگست 2020ء کو ہونی تھی تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے لیگ کو پہلے 14 نومبر تک ملتوی کیا گیا اور پھر 21 نومبر تک موخر کیا گیا تھا۔ سری لنکا آفیشلز نے کہا کہ صحت کے ادارے نے کھلاڑیوں کے لئے سات دن اور سپورٹ سٹاف کے لئے 14 دن قرنطینہ پر زور دیا ہے۔
وقت اشاعت : 07/11/2020 - 15:40:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :